جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) ف نے پلان بی پر عملدرآمد کرتے ہوئےقومی شاہراہیں بند کرنے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں جے یو آئی ف کی مرکزی شوریٰ کا اجلاس ہوا،جس میں پشاور موڑ پر جاری آزادی مارچ کا دھرنا ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،جے یو آئی نے پلان بی کے تحت دھرنا ملک بھر میں پھیلانے کااعلان کردیا۔
جے یو آئی ف کے مشاورتی اجلاس میں تمام صوبائی امراء نے اس بات پر رضامندی ظاہر کی ہے کہ وہ اپنے اپنے صوبے میں سڑکیں اور شاہراہیں بند کریں گے۔
جے یو آئی ف کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ہمارا پلان بی پلان اے سے بھی زیادہ شدید ہو گا اور ہم نے شہروں کو بند کرنے کے لیے موٹر وے اور نیشنل ہائی ویز کی نشاندہی بھی کر لی ہے۔
بعد ازاں آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عطاء الرحمان نے پلان بی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس پر عملدرآمد شروع ہوچکا ہے، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں اہم شاہراہوں کو بلاک کیا چکا ہے، کل خیبرپختونخوا کو راولپنڈی سے ملانے والے اہم شاہراہوں کو بند کیا جائے گا جبکہ پنجاب میں بزدار شاہراہ کو بھی بند کیا جائے گا۔

