تھرپارکر،مٹھی،کراچی(اے پی پی+آن لائن+ مانیٹر نگ ڈ یسک) ملک بھر میں بارش، تھرپارکر میں آسمانی بجلی گرنے سے 23افراد جاں بحق‘متعددزخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے صحرائی اور خشک سالی کے لیے مشہور علاقے تھرپارکر میں طوفانی بارش اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات سے تباہی مچ گئی۔بتایا گیا ہے کہ جمعرات کو طوفانی بارش اور آسمانی بجلی گرنے کے باعث تھرپارکر اور سندھ کے دوسرے شہروں میں رہائشی علاقوں کو شدید نقصان پہنچا ہے ،تھر کے لوگوں میں خوف ہراس پھیل گیاجبکہ سیلابی ریلے کی زد میں آ کر اور آسمانی بجلی گرنے کے باعث23افراد جاں بحق ہوگئے۔ درختوں سمیت فصلوں کو بھی کافی نقصان پہنچنا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ آسمانی بجلی گرنے سے 10 سے زاید افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں مختلف اسپتالوں میں طبی امداد دی جارہی ہے۔بتایا گیا ہے کہ اسلام کوٹ، نگرپارکر، مٹھی، چھاچھرو میں بجلی گرنے کے واقعات پیش آئے ہیں جس کے نتیجے میں 60 سے زاید مویشی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔سانگھڑ کے علاقے کھپرو میں بھی آسمانی بجلی گرنے سے ایک ہی خاندان کی 2 خواتین سمیت 4 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج موسم سرما کی پہلی بارش کی پیشگوئی کی ہے ،بارش کے بعد شہر میں غیر معمولی سرد ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے راستے ایک نیا سسٹم ملک میں داخل ہورہا ہے جس کے نتیجے میں اندرون سندھ کے مختلف اضلاع خاص کر کراچی میںآج بارش کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کے 48 گھنٹے بعد شہر میں غیر معمولی سرد ہوائیں چلیں گی جس کی وجہ سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے اور سردی کی شدت میں مزید اضافہ کا امکان ہے۔شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔
