English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

روس نے شام میں ایک اور ایئربیس بنانا شروع کردی

القمر

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک) شام سے امریکی فوجی انخلا کے بعد روس نے اس ملک میں اپنی ہیلی کاپٹر بیس بنانے کا آغاز کر دیا ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق روس نے شمالی مشرقی شہر قامشلی میں بیس بنانا شروع کی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ماسکو نے ایک شہری ہوائی اڈے میں ہیلی کاپٹر بیس بنانے کا آغاز کیا ہے۔ رائٹرز کے مطابق روس کی وزارت دفاع کے تحت چلنے والے نشریاتی ادارے ایوزڈا ٹی وی پر اس بیس پر گن شپ ہیلی کاپٹرز آ رہے ہیں۔ نئے بیس کی حفاظت کے لیے زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل سسٹم کی تنصیب کی گئی ہے جب کہ تین ہیلی کاپٹر بھی نگرانی پر مامور ہیں جن میں ایک ایم آئی 35 اور ایک ایم آئی 8 ہیلی کاپٹر شامل ہیں۔ یہ ہیلی کاپٹر اور میزائل سسٹم پہلے ہی بیس پر پہنچایا جا چکا ہے۔ ایوزڈا ٹی وی کی نشر کی گئی وڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بیس کی سیکورٹی کے لیے ملٹری پولیس کے اہل کار بھی موجود ہیں۔ اس کے علاوہ اس بیس میں مختلف فوجی گاڑیاں موجود اور ایک چھوٹا اسپتال بھی بنایا گیا ہے، جب کہ موسم کی صورت حال پر نظر رکھنے کے لیے بھی آلات نصب کیے گئے ہیں۔ ایوزڈا ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یہ روس کی فوج کے ہیلی کاپٹرز کا پہلا دستہ ہے، جو شمالی شام پہنچا ہے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اب سے روس کے نیم فوجی دستے شام کے شمال مشرقی شہر قامشلی جا سکیں گے، جب کہ اس کو تاریخی موقع بھی قرار دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ایک ماہ قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شام سے فوج کے انخلا کا اعلان کیا تھا۔ امریکی انخلا کے 4 ہفتوں بعد ہی روس کی فورسز نے یہاں بیس بنانا شروع کر دیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے