کراچی (اسٹاف رپورٹر)نیا ناظم آباد گراؤنڈ کراچی میں ناردرن نے بلوچستان کے 293 رنز کے جواب میں بغیر کسی نقصان کے 13 رنز بنالیے ہیں۔ ناردرن کے آفاق رحیم 8 اور علی عمران 4 رنزبناکر کریز پر موجود ہیں۔ اس سے قبل ناردرن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو گلریز صدف اور حسیب اعظم نے بلوچستان کو 81 رنز کی اوپننگ شراکت فراہم کی۔ حسیب اعظم 47 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو اوپنر گلریز صدف اور تیمور علی کے درمیان 103 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ دونوں کھلاڑیوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ گلریز صدف 85 اور تیمور علی 63 رنزبناکر آؤٹ ہوئے۔ ناردرن کی جانب سے رضا الحسن اور رضا حسن نے3،3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ بلوچستان کی ٹیم نے پہلی اننگز میں مقررہ 83 اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 293 رنزبنائے۔ دوسری جانب سدرن پنجاب نے سندھ کے 328 رنز کے جواب میں پہلی اننگز میں1وکٹ کے نقصان پر 30 رنز بنالیے ہیں۔ نیشنل بینک اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں میچ کے پہلے روز سندھ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ تو پوری ٹیم 328 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ سندھ کی جانب سے احسان علی اور ولید احمد نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ احسان علی 70 اور ولید احمد 51 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ دونوں کھلاڑیوں نے 8ویںوکٹ کے لیے 64 رنز جوڑے۔ سدرن پنجاب کے اسپنر علی عثمان نے 5 اور ذوالفقار بابر نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 328 رنز کے جواب میں سدرن پنجاب کے اوپنر انس مصطفیٰ پہلی اننگز میں10 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ چکے ہیں۔ مختار احمد 15 اور علی عثمان 1 اسکور سے کھیل کے دوسرے روز کا آغاز کریں گے۔
