سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام غیر مشروط طور پر ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پرجواب جمع کرواتے ہوئےکہا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کو اس درخواست کی سماعت کا اختیار نہیں ہے
جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں لاہور ہائی کورٹ کا دو رکنی بینچ سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام غیر مشروط طور پر ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر سماعت کررہاہے۔ اس دوران نیب اور وفاقی حکومت کی جانب سے تحریری جواب عدالت میں جمع کرایا گیا۔
وفاقی حکومت کی جانب سے عدالت میں جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کو اس درخواست کی سماعت کا اختیار نہیں ہے لہذا ہائیکورٹ اس درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کرے۔
حکومت نے اپنے جواب میں مزیدکہا کہ نواز شریف کے خلاف مختلف عدالتوں میں کیسز زیر سماعت ہیں، ان کا نام نیب کے کہنے پر ای سی ایل میں ڈالا گیا ہے۔
حکومت نے استدعا کی ہےکہ نواز شریف سزا یافتہ ہیں اس لیے انہیں بغیر سیکیورٹی بانڈز کے اجازت نہیں دی جا سکتی لہٰذا سیکیورٹی بانڈ کی شرط کو لاگو رکھا جائے۔

