اسلام آباد: اپوزیشن نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کے خلاف تحریک عدم اعتماد واپس لے لی۔ نجی ٹی وی کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسدقیصرکی زیر صدارت اسپیکر چیمبر میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات ہوئے، جن میں حکومت کی طرف سے اعظم سواتی، اسد عمر، پرویز خٹک اور علی محمد خان جبکہ اپوزیشن کی جانب سے خواجہ آصف، راجا پرویز اشرف، شازیہ مری اور محسن داوڑ شریک ہوئے۔
اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کا معاملہ زیر غور آیا اور حکومت کی جانب سے اپوزیشن کو اعتماد میں لیے اور مشاورت کیے بغیر 8 آرڈیننس اسمبلی میں پیش کیے جانے کے مسئلے پر بات چیت ہوئی۔ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان معاملے پر اتفاق رائے ہوگیا۔ اپوزیشن نے اسمبلی کو بلڈوز کرکے آرڈیننسز کی منظوری پر تحفظات کا اظہار کیا۔ حکومت نے 7 نومبر کو منظور کیے 9 آرڈیننسز واپس لے کر متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کو بھجوانے پر اتفاق کیا۔
بعد ازاں اسپیکر اسدقیصرکی صدارت میں قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں ن لیگ کے رہنما خواجہ آصف نے ڈپٹی اسپیکرقاسم سوری کے خلاف تحریک عدم اعتماد واپس لینے کا اعلان کردیا۔ اس موقع پر اسدعمر نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر کا معاملہ افہام و تفہیم سے حل کرلیا ہے۔ واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے ڈپٹی اسپیکر کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی تھی۔

