کراچی (اسٹاف رپورٹر)12 سال کی عمر میں کراچی سے اپنے کرکٹ کیرئیر کا آغاز کرنے 24 سالہ سعود شکیل بنگلہ دیش میں جاری اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ 2019 میں قومی ایمرجنگ ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔ بائیں ہاتھ کے بلے باز سعود شکیل لیفٹ آرم اسپن باؤلنگ کا ہنر بھی جانتے ہیں۔ 2012 میں قومی انڈر 19 کرکٹ ٹورنامنٹ میں متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سعود شکیل 2013 میں قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کے 2 سال بعد اپنے فرسٹ کلاس کرکٹ کیرئیر کا آغاز کرنے والے سعود شکیل 35 فرسٹ کلاس میچوں میں 2099 رنز بناچکے ہیں۔ 43.72 کی اوسط سے رنز اسکور کرنے والے مڈل آرڈر بلے باز کے فرسٹ کلاس کیرئیر میں 6 سنچریاں اور 12 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ اس طرز کی کرکٹ میں نوجوان کرکٹر کا سب سے زیادہ اسکور 121 رنز ہے۔ 59 لسٹ اے میچز میں49.72کی اوسط سے2138 رنز بنانے والے سعود شکیل کا بہترین اسکور 134 رنز کی ناقابل شکست اننگز ہے۔ وہ اپنے فرسٹ کلاس اور لسٹ اے کیرئیر میں بالترتیب 16 اور 23 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
