یو اے ای میں 88ہزار 700کروڑ پتی افراد مقیم ہیں ٗ مجموعی دولت پاکستانی ایک ہزار کھرب روپے سے زائد
اگر اس رقم کو یو اے ای کی پوری آبادی میں تقسیم کیا جائے تو ہر شخص 99ہزار امریکی ڈالر کا مالک بن جائیگا
دبئی (صباح نیوز) یو اے ای میں نومبر 2019ء کے آغاز تک 88 ہزار 700 کروڑ پتی افراد مقیم ہیں، صرف محض گزشتہ ایک سال میں دنیا بھر سے 5 ہزار کروڑ پتی افراد یو اے ای منتقل ہوئے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ان کروڑ پتی افراد میں مجموعی دولت کا تخمینہ 925 ارب ڈالر ہے جو پاکستانی ایک ہزار کھرب روپے سے زائد بنتے ہیں اور اگر اس رقم کو یو اے ای کی پوری آبادی میں تقسیم کیا جائے تو ہر شخص کے حصے میں 99 ہزار امریکی ڈالر آئیں گے۔ یعنی یو اے ای کا ہر شہری پاکستانی ایک کروڑ روپے سے زائد کا مالک بن سکتا ہے۔ ایک عرب اخبار کے مطابق یو اے ای دنیا کا وہ واحد ملک ہے جہاں ہر سال دنیا بھر سے لکھ پتی اور کروڑ پتی افراد ہجرت کرکے آتے ہیں، یو اے ای میں کروڑ پتی اور لکھ پتی افراد کی تعداد میں 2016ء کے مقابلے میں 8 ہزار کا اضافہ ہوا اور صرف محض گزشتہ ایک سال میں دنیا بھر سے 5 ہزار کروڑ پتی افراد یو اے ای منتقل ہوئے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ یو اے ای میں رہنے والے کروڑ پتی افراد کی تعداد خطے کے دیگر ممالک یعنی سعودی عرب، قطر اور عمان سے زائد ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ یو اے ای میں انتہائی کم جرائم، کم ٹیکس، شفاف نظام، انتہائی اعلیٰ درجے کی دستیاب صحت کی سہولیات، آرائش زندگی کے بھرپور مواقع اور اچھی تعلیم کی وجہ سے دنیا بھر کے کروڑ پتی افراد بہت بڑی تعداد میں منتقل ہو رہے ہیں۔

