English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سعودی آرامکو کی حتمی قیمت کا اعلان پانچ دسمبر کو کیا جائے گا

کمپنی نے بینکوں اور کارپوریٹ اداروں کے لیے بولی کے فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ چار دسمبر مقرر کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سعودی آرامکو اپنے ڈیڑھ فی صد حصص سعودی اسٹاک ایکس چینج ( تداول) کے ذریعے فروخت کے لیے پیش کررہی ہے، حصص کی فروخت کے لیے پراسیپکٹس جاری کردیا ہے جس کے مطابق کمپنی کے اثاثوں کا تخمینہ 16 سے17 کھرب ڈالر لگایا جائے گا اور اس کے ایک حصص کی قیمت 8 سے 8.53 ڈالر مقرر کی جائے گی ہے تاہم حتمی قیمت کا اعلان پانچ دسمبر کو کیا جائے گا۔

آئی پی او کے ترمیمی پراسپیکٹس کے مطابق سعودی آرامکو کے حصص ملکی و غیرملکی سرمایہ کاروں کو فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے۔ چھوٹے سرمایہ کار 17 نومبر سے 28 نومبر تک حصص کی خرید کے لیے درخواست فارم دے سکتے ہیں۔

پراسپیکٹس میں حصص کی فروخت کے قواعد وضوابط بھی بیان کیے گئے ہیں جس کے مطابق آرامکو کے حصص کو پہلی بار خریدنے کے بعد 12 مہینے کے عرصے میں کسی غیر ملکی حکومت یا اس سے وابستہ حصص دار کو ہی فروخت کیا جائے گا جب کہ اس کے علاوہ انھیں آگے فروخت نہیں کیا جائے گا ۔ پراسپیکٹس کے مطابق جن نمایاں مالیاتی اداروں کے ذریعے آرامکو کے حصص فروخت کیے جائیں گے، ان میں جے پی مورگن ، بوفا میرل لینچ ،مورگن اسٹینلے ، الراجحی کیپٹل اور فرسٹ ابوظبی بنک شامل ہیں۔

واضح رہے کہ سعودی آرامکو کی جانب سے 2019ء کے ابتدائی نو ماہ میں منافع کی رقم 68 ارب ڈالر ظاہر کی گئی ہے جس کے مطابق یہ دنیا میں سب سے منافع بخش کمپنی ہے۔

عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق آرامکو کو حصص کی ابتدائی فروخت سے 24 سے ساڑھے 25 ارب ڈالر کی رقم متوقع ہے ۔ اگر سعودی آرامکو نے حصص کی فروخت سے مذکورہ رقم حاصل کی تو چین کی ای کامرس فرم علی بابا کا ریکارڈ ٹوٹ جائے گا جس نے 2014ء میں حصص کی فروخت سے 25 ارب ڈالر کی رقم حاصل کی تھی۔

بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق چین نے آرامکو کے حصص خرید کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے اور اس سلسلے میں  جینی اداروں اور سعودی کمپنی کے درمیان دس ارب ڈالر مالیت کے حصص کی خرید کے لیے بات چیت جاری ہے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے