نئی دہلی (آن لائن) بھارت کے ایوانِ زیریں لوک سبھا کے اجلاس میں مسئلہ کشمیر اور خصوصی طور پر مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ فاروق عبداللہ کی حراست موضوع بحث بنا رہا۔ اجلاس میں اپوزیشن نے فاروق عبداللہ کی غیر موجودگی پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔ قومی ترانہ ختم ہوتے ہی کانگریس کے رکن پارلیمان سوگاتا رائے نے آواز لگائی کہ سر ڈاکٹر فاروق عبداللہ یہاں نہیں ہیں، یا تو حکومت ان کی رہائی کے احکامات جاری کرے یا وزیر داخلہ ایوان میں آکر آگاہ کریں۔ بھارتی حکومت کی سخت ناقد بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بینرجی نے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور ان کی پارٹی مطالبہ کرتے ہیں کہ فاروق عبداللہ اور ان کے بیٹے کے ساتھ ساتھ محبوبہ مفتی کو بھی فوری طور پر رہا کرنا جمہوریت کی بھلائی ہے۔
