English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کے ڈی اے اراضی پرتجاوزات کیخلاف بھرپورکارروائی کی تیاری

نمائشی اقدامات اور تجاوزات میں ملوث افسران وملازمین کسی صورت برداشت نہیں،ڈی جی
ذاتی مفاد کیلئے ادارے کو نقصان پہنچانے والے ملازمین کو پوسٹنگ نہ دی جائے ،سیف الرحمن
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے ڈائریکٹر انسداد تجاوزات ورئیل اندھر کو خصوصی ہدایت دی ہے کہ وہ شہر بھر میں کے ڈی اے اراضیوں پر قائم تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائیوں کا آغاز کریں۔ اس موقع پر ڈی جی کے ڈی اے کا کہنا تھا کہ تمام چیف انجینئرز اور ایگزیکٹو انجینئرز متعلقہ اراضیوں پر تجاوزات کی روک تھام کے لئے عملی اور ٹھوس اقدامات کریں جبکہ نمائشی اقدامات اور تجاوزات میں ملوث افسران و ملازمین کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، رہائشی و رفاہی پلاٹس سمیت کے ڈی اے اراضیوں کی نگرانی کی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ واگزار کرائی گئی اراضیوں پر دوبارہ تجاوزات قائم نہ ہوں۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ جلد ہی حکومت سندھ سے سفارش کی جائے گی کہ قبضہ مافیا یا ذاتی مفاد کے لئے ادارے کو نقصان پہنچانے والے آفیسرز اور ملازمین کو آئندہ پوسٹنگ نہ دی جائے۔ ڈی جی کے ڈی اے ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے ہدایت دی کہ تمام ایگزیکٹو اور چیف انجینئرز تجاوزات کے خلاف محکمہ انسداد تجاوزات کے ساتھ متحد ہو کر عملی اقدامات کریں۔ محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ کا عملہ منظم منصوبہ بندی کے ساتھ شہر بھر میں قبضہ مافیا کے خلاف موثر اور بھرپور کارروائیاں کرے ، ضرورت پڑنے پر متعلقہ انتظامیہ، پولیس و رینجرز کی مدد حاصل کی جائے اور کارروائی کے دوران دفتری شناخت کے لئے کے ڈی اے کیپ کا استعمال کیا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے