اسلام آباد (اے پی پی) چیئرمین ایف بی آر سید شبر زیدی نے کہا ہے کہ اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے پاکستان کسٹمز نے تمام ہوائی اڈوں پر مسافروں کی شناخت کے لیے رسک مینجمنٹ نظام شروع کر دیا ہے۔ بدھ کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ مسافروں کی شناخت کا یہ نظام ملک کے7 بڑے ائر پورٹس پر شروع کیا گیا ہے جس کے لیے کسٹمز کے عملے کو بہترین تربیت دی گئی ہے‘ اس شناختی نظام کو
امریکی کسٹمز کے ادارے اور ورلڈ کسٹمز آرگنائزیشن کے تکنیکی تعاون سے متعارف کرایا ہے۔ شبر زیدی نے کہا کہ اس نظام کے تحت مسافروں کی پیشگی شناخت ممکن ہو گی اور اسے فیٹف ایکشن پلان کے لائحہ عمل کو مدنظر رکھتے ہوئے بنایا گیا ہے‘ اس کی بدولت مسافروں، ڈرگ اسمگلرز اور منی لانڈررز میں تفریق ہو سکے گی‘ ڈرگ اسمگلر اور منی لانڈرز کو پکڑا جا سکے گا‘ اس نئے نظام کے تحت پاکستان آنے اور باہر جانے والے مسافروں کا شناختی پروفائل بھی تیار ہو جائے گا جس سے شناخت میں آسانی میسر آئے گی۔ چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ اس نظام سے کسٹمز اہلکاروں کی ائرپورٹس پر موجودگی کم ہو جائے گی اور مسافروں کی ائر پورٹس پر شناخت کا عمل کم وقت میں ممکن ہو پائے گا۔
شبر زیدی
