English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی کمبوڈین وزیراعظم سے ملاقات

القمر

نوم پنھ (اے پی پی) ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کمبوڈیا کے وزیراعظم سمدچ ٹیکو ہن سین سے کمبوڈیا میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران کمبوڈیا کے وزیراعظم سمدچ ٹیکو ہن سین نے کہا کہ وہ پاکستان کے انتہائی مشکور ہیں کہ اتنا بڑا وفد ایشیاء پیسیفک سربراہی اجلاس2019ء میں شرکت کے لیے کمبوڈیا بھیجا، پاکستان وہ واحد ملک ہے کہ جس نے سب سے پہلے کمبوڈیا کی آزادی کو تسلیم کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی، ثقافتی اور دیگر سرگرمیاں شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا ان کا کہنا تھا کہ میرا پیغام وزیراعظم عمران خان کو پہنچایا جائے کہ وہ کمبوڈیا کا دورہ کریں۔ اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے پہلی مرتبہ کمبوڈیا کے دورے پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان اور کمبوڈیا میں دوستانہ اور تعاون پر مبنی تعلقات قائم ہیں اور ضرورت اس امر کی ہے کہ ان تعلقات کو مزید تقویت دی جائے، پاکستان دوطرفہ اور علاقائی تناظر میں مملکت کمبوڈیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی تعلقات کو مزید تقویت دینے میں دوروں کے تبادلے کلیدی کردار ادا کرتے ہیں اور پاکستان باہمی طور پر طے پانے والی تاریخوں پر کمبوڈین پارلیمانی وفود کے متوقع دورے کا منتظر ہے۔ ڈپٹی اسپیکر نے وزیراعظم کمبوڈیا کو دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ کے لیے آلات جراحی، اسپورٹس کا سامان ودیگر اشیاء پاکستان سے منگوانے پر زور دیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی طائفوں اور طلبہ کے گروپوں کے تبادلے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا۔ علاقائی صورتحال کے حوالے سے قاسم خان سوری نے وزیراعظم کمبوڈیا کی توجہ 5 اگست 2019ء سے بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم پر دلاتے ہوئے کہا کہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں کشمیر کو متنازع علاقہ تسلیم کیا گیا ہے، مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن، کرفیو اور مواصلات پر پابندی کشمیریوں کے بنیادی حقوق اور آزادی کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ کمبوڈیا بھارت کے ساتھ اپنے اچھے تعلقات کو استعمال کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست سے جاری اقدامات منسوخ کرائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے