دونوں جماعتوں کو نوٹس جاری‘پیپلز پارٹی او ر ن لیگ پر امریکہ اور برطانیہ سے پارٹی فنڈنگ اکٹھا کرنے کا الزام
دونوں جماعتوں کو26نومبر کو الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کیلئے الگ الگ وقت دیا گیا ہے
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) فارن فنڈنگ کے حوالے سے تحریک انصاف کے بعد ن لیگ اور پیپلز پارٹی کیخلاف بھی تحقیقات شروع کردی گئیں۔ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کیخلاف بھی غیر ملکی فنڈنگ لینے کیخلاف تحقیقات شروع ہوگئی ہیں۔ دونوں جماعتوں کو نوٹس جاری کردئیے گئے ہیں۔ پیپلز پارٹی او ر ن لیگ پر امریکہ اور برطانیہ سے پارٹی فنڈنگ اکٹھا کرنے کا الزام ہے۔ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی میں پیش ہونے کے لئے الگ الگ وقت دیا گیاہے۔دونوں جماعتوں کو26نومبر کو اسکروٹنی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کا وقت دیا گیا ہے۔ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کیخلاف تحریک انصاف نے فارن فنڈنگ لینے کے الزام میں کیس دائر کررکھاہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ ماہ پاکستان تحریک انصاف کی غیر ملکی فنڈنگ کیس میں حکمران جماعت کی چار درخواستیں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مسترد کر دی تھیں۔فیصلے میں کہا گیا کہ اسکروٹنی کمیٹی اپنا کام جاری رکھے۔ اس کے خلاف پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر کر دی تھی اور ہائی کورٹ نے کیس کو دسمبر کے پہلے ہفتے تک ملتوی کر دیا تھا۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے منحرف بانی رکن اور درخواست گزار اکبر ایس بابر نے 2014میں الیکشن کمیشن آف پاکستان میں غیر ملکی فنڈنگ سے متعلق کیس دائر کیا تھا اور الزام عائد کیا کہ پارٹی نے غیر قانونی غیر ملکی فنڈز میں پیسے اکٹھے کیے گئے۔اب فارن فنڈنگ کے حوالے سے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کیخلاف بھی تحقیقات شروع کردی گئیں۔

