English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ایمرجنگ ٹیمز کپ بنگلادیش افغانستان کو ہراکر فائنل میں

القمر

ڈھاکا (جسارت نیوز) بنگلا دیش کی ایمرجنگ ٹیم اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز کپ کے فائنل میں پہنچ گئی۔ بنگلا دیش نے افغانستان کی ایمرجنگ ٹیم کو دوسرے سیمی فائنل میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دیکر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا، فاتح ٹیم نے 229 رنز کا مطلوبہ ہدف 39.5 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ سومیا سرکار نے 61 اور کپتان نجم الحسین نے 59 رنز بناکر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، افغانستان کے دارویش رسولی نے 114 رنز کی اننگز کھیلی تاہم وہ ٹیم کے کام نہ آسکی، سومیا سرکار کو آل رائونڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ جمعرات کو ڈھاکا میں کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میچ میں افغانستان ایمرجنگ ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 228 رنز بناکر بنگلا دیش ایمرجنگ ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 229 رنز کا ہدف دیا۔ درویش رسولی نے 128 گیندوں پر 7 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 114 رنز کی اننگز کھیلی، وحید اللہ شفیق 34 اور طارق 33 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ بنگلا دیش ایمرجنگ کی جانب سے حسن محمود اور سومیا سرکار نے 3,3 جبکہ تنویر اسلام نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں بنگلا دیشی ایمرجنگ ٹیم نے سومیا سرکار اور کپتان نجم الحسین کی نصف سنچریوں کی بدولت مطلوبہ ہدف 39.5 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے دوسرا سیمی فائنل میچ 7 وکٹوں سے جیت لیا۔ سومیا سرکار نے 61 اور کپتان نجم الحسین نے 59 رنز بناکر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ آفف حسین ناقابل شکست 45 اور یاسر علی ناقابل شکست 38 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ افغانستان کے عبدالوسی نے2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ سومیا سرکار کو آل رائونڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ فائنل کل پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان کھیلاجائے گا، پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے