ہم مسلمان صرف ایک دین کی پیروی کرتے ہیں‘ ہمدرد نونہال اسمبلی میں سیرت کانفرنس سے خطاب
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کی صدر سعدیہ راشد نے کہا ہے کہ ہادیٔ عالم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی دنیا میں آمد بنی نوع انسان کے لیے رشد و ہدایت کا باعث بنی، اگر آپ کی تعلیمات ہم تک نہ پہنچتیں تو ہم بے راہ روی اور جہالت کے اندھیروں میں بھٹک رہے ہوتے، ہمیں اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ اس نے ہمیں مسلمان پیدا کیا اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا امتی بنایا۔ وہ گزشتہ روز ہمدرد نونہال اسمبلی کے زیر اہتمام ’’نونہال سیرت کانفرنس‘‘ سے بیت الحکمہ آڈیٹوریم، مدینتہ الحکمہ ، کراچی میں خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ربیع الاول کے ماہ مقدس کی عظمت رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی عظیم ہستی کی نسبت سے ہے کہ آپ اس ماہِ مبارک میں اس جہاںمیں تشریف لائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مسلمان ایک اللہ کومانتے ہیں، کسی کو اس کا شریک نہیں ٹہراتے، ایک دین کی پیروی کرتے ہیں، جو دین فطرت ہے۔ انہوں نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات ہمیں سکھاتی ہیں کہ ہم اللہ کی مخلوق کے ساتھ اچھا سلوک کریں، اپنے اندر اچھے اخلاق پیدا کریں ، لوگوں کے کام آئیں، برے کاموں سے بچیں اور اللہ واحدٗ، لاشریک کی عبادت کریں، اسی میں ہماری دنیا و آخرت کی بھلائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نونہال سیرت کانفرنس جیسی بابرکت محافل سے اگر ہم اللہ اور اس کے رسول کی محبت کو اپنے دلوں میں لے کر اٹھیں تو سمجھ لیجئے کہ ان محافل میں ہماری شرکت بارآور ہوگئی۔ مہمان خصوصی، معروف سماجی کارکن اور شوریٰ ہمدرد کراچی کی اہم رکن نوشابہ خلیل نے کہا کہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوہ حسنہ میں سب سے دل موہ لینے والی بات ’’صلہ رحمی‘‘ ہے جس کے لغوی معنیٰ معاف کردینا ہے لیکن اس کے وسیع تر معنیٰ میں عزیزوں، رشتہ داروں، پڑوسیوں اور عام لوگوں سے ہمدرد انہ اور اچھا سلوک کرنا ہے۔

