English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

حکومتی اتحادی اراکین قومی اسمبلی کی وزیراعظم سے ناراضی کا اظہار

نئے پاکستان کا نعرہ سن کرخان صاحب کی حمایت کا اعلان کیا‘ اسلم بھوتانی
پچھلے 14 مہینے میں ایک نائب قاصد بھی بھرتی نہیں کیا گیا‘ آزاد رکن قومی اسمبلی
، نہیں لگتا ہم ملازمتیں دے سکیں گے، وزیراعلیٰ انتقام کا نشانہ بنا رہے ہیں‘آغا حسن بلوچ
کوئی نوٹس نہیں لیا جاتا‘اراکن قومی اسمبلی بلوچستان کی نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) حکومتی اتحادی اراکین قومی اسمبلی نے وزیراعظم عمران خان سے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے پاکستان کا نعرہ سن کرخان صاحب کی حمایت کا اعلان کیا، لیکن پچھلے 14 مہینے میں ایک نائب قاصد بھی بھرتی نہیں کیا گیا، نظر نہیں آرہا کہ ہم لوگوں کو ملازمتیں دے سکیں گے، وزیراعلیٰ انتقام کا نشانہ بنا رہے ہیں،وزیراعظم کو شکایت پر بھی کوئی نوٹس نہیں لیاجاتا۔گوادر سے آزاد رکن قومی اسمبلی اسلم بھوتانی اوربی این پی مینگل کے رکن قومی اسمبلی آغا حسن بلوچ آج نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کررہے تھے۔گوادر سے آزاد رکن قومی اسمبلی اسلم بھوتانی نے کہا کہ میں نے نیاپاکستان کا نعرہ سن کرخان صاحب کی حمایت کا اعلان کیا۔ میں 14 مہینے میں ایک نائب قاصد بھی بھرتی نہیں کرواسکا، مجھے مستقبل میں بھی ایسا نظر نہیں آرہا کہ ہم لوگوں کو ملازمتیں دے سکیں گے۔ہمارا ایک ہی ضلع ہے اوروہاں وزیراعلیٰ مجھے انتقام کا نشانہ بنا رہا ہے۔ مجھ سے جو بھی سرکاری ملازم ملتا ہے وزیراعلیٰ اس کو اگلے روز ہی چھٹی کروا دیتا ہے۔ اسلم بھوتانی نے کہا کہ میں نے خان صاحب سے شکایت کی کہ میں آپ کا اتحادی ہوں اور میرے ساتھ صوبے میں یہ سب کچھ ہورہا ہے، وہ کہتے اچھا میں جام کمال سے بات کروں گا، لیکن اس کے بعد کچھ بھی نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں کوئی کام نہیں کرنے دیا جارہا، لسٹیں دی جاتی ہیں کہ فلاں فلاں کو نوکریاں دے دو، لیکن اس لسٹ میں اسلم بھوتانی کا کوئی بندہ شامل نہ ہو۔اسی طرح بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کے رکن قومی اسمبلی آغا حسن بلوچ نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے وزیراعظم سے کہا کہ ہم آپ کے اتحادی ہیں، ہم بے شک آزاد بنچوں پر بیٹھتے ہیں لیکن ہم نے آپ کو وزیراعظم کا ووٹ دیا ہوا ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال ان بندوں کو کریڈٹ دینے کی کوشش کررہے ہیں جو منتخب نہیں ہوئے جبکہ ہمارے اقدامات میں روڑے اٹکائے جارہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے