ایک ماہ کے اندر منصوبے پر عملدرآمد کیلئے پابندی کی ہدایت ٗ کراچی انتظامیہ کو چیئرمین کیبل آپریٹر خالد آرائیں کی یقین دہانی
شہر میں کیبل آپریٹرز کے الیکٹرک کے پولز پر نصب تمام کیبلز زیر زمین منتقل کرینگے ٗ کمشنر کراچی کی زیر صدارت جائزہ اجلاس
کراچی(اسٹاف رپورٹر) شہر میں کیبل آپریٹرزکے لیکٹرک کے پولز پر نصب تمام کیبلز زیر زمین منتقل کریں گے۔ کراچی انتظامیہ نے کیبل آپریٹرز کو زیر زمین کیبلز منتقلی کے کام کیلئے این او سی جاری کردیا ہے۔ کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ ایک ماہ کے اندر منصوبہ پر عملدر آمد مکمل کرلیں۔ اس سلسلہ میں کمشنر کراچی افتخار شالوانی کی زیر صدارت جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں کیبلز کی زیر زمین منتقلی کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر جنرل اعجاز حسین رند‘ کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین خالد آرائیں و دیگر عہدیداران‘ شہری اداروں کے افسران‘ کے الیکٹرک کے نمائندے اور دیگر موجود تھے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کیبل آپریٹرز کیبل منتقلی کیلئے کھدائی اور مرمت کے ذمہ دار ہوں گے۔ یقینی بنائینگے کہ مرمت مطلوبہ معیار اور مطلوبہ تقاضوں کے مطابق ہو۔ کیبل آپریٹرز متعلقہ یوٹیلیٹی ادارے سے ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنے کے ذمہ دار ہوں گے۔ کمشنر نے کہا کہ پولز پر نصب کیبل آپریٹرز شہر کو خوبصورت بنانے کی کوششوں میں اپنا کردار ادا کریں۔ زیر زمین کیبلز منتقل کرنے سے شہر کو خوبصورت بنانے کی کوششوں میں مدد ملے گی۔ کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین خالد آرائیں نے کیبلز کی منتقلی کا کام بروقت مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

