قوم سلیکٹڈ حکومت سے تنگ آچکی ہے‘ ہم فری اینڈ فیئر الیکشن چاہتے ہیں‘ معلوم ہے کے آر ٹی اے سسٹم کس نے فیل کرایا
ایک کروڑ نوکریاں دینے کے بجائے لاکھوں لوگوں کو بیروزگار کردیا گیا‘ راشد محمود ‘وقار مہدی اور شاہی سید کی مشترکہ پریس کانفرنس
کراچی(اسٹاف رپورٹر) متحدہ اپوزیشن جماعتوں نے26 نومبر کو الیکشن کمیشن سندھ کے دفتر کے سامنے بھرپو راحتجاج کا اعلان کیا ہے۔ مولانا راشد سومرو کی کنوینر شپ میں صوبائی رہبر کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔ جمعہ کو کراچی پریس کلب میں جے یو آئی کے راشد سومرو ‘پی پی کے وقار مہدی‘ اے این پی کے شاہی سید‘ (ن) لیگ کے علی اکبر گجر‘ جے یو پی کے مفتی غوث صابری‘ پختونخوا میپ کے نذیر جان‘ جمعیت اہلحدیث کے مولانا یوسف قصوری‘ نیشنل پارٹی کے رمضان میمن‘ قومی وطن پارٹی کے عبدالقیوم ایڈووکیٹ و دیگر نے مشترکہ پریس کانفرنس کی اور اہم فیصلوں کا اعلان کیا۔ اس سے قبل مذکورہ9جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس مقامی ہوٹل میں مولانا راشد سومرو کی سربراہی میں ہوئی۔ پریس کانفرنس میں اپوزیشن کے رہنمائوں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت سے قوم تنگ آچکی ہے۔ آر ٹی اے سسٹم کیسے اور کس نے فیل کروایا ہمیں بتایا جائے۔ ہم فری اینی فیئر الیکشن چاہتے ہیں۔ یہ کیسا نیب ہے جو ایک صوبے کے کیسز دوسرے صوبے میں چلارہا ہے۔ ایک کروڑ نوکریاں دینے کے بجائے لاکھوں لوگوں کو بیروزگار کردیا گیا۔ روز مرہ اشیاء کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کررہی ہیں مگر موجودہ حکومت کے کان پر جوں تک نہیں رینتگی‘ سیاست کی شائستگی ختم ہو کر گالم گلوچ تک باقی رہ گئی۔ اپوزیشن رہنمائوں نے واضح کیا کہ دھاندلی کی بیساکھی پر قائم حکومت کی جڑیں تاریخ ساز آزادی مارچ نے ہلا کر رکھ دی ہیں اپوزیشن اتحاد نااہل حکومت کے خاتمے تک اس کا تعاقب جاری رکھے گا۔ اے پی سی میں فیصلہ کیا گیا کہ28نومبر کو سکھر میں آزادی مارچ کانفرنس بیاد شہید اسلام منعقد کی جائیگی۔

