English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

چوروں اور لٹیروں نے سندھ کو کھنڈر بنادیا گورنر عمران اسماعیل

تحریک انصاف اپنے بہادر لیڈر وزیرعظم عمران خان کی قیادت میں سندھ میں بسنے والوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیگی
سکھر (مانیٹرنگ ڈیسک) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ سندھ پر عرصہ دراز سے قابض نااہل سیاستدانوں کی بدولت سندھ مکمل طور پر تباہ حال ہو چکا ہے، لیکن پاکستان تحریک انصاف اپنے بہادر لیڈر وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں سندھ اور سندھ میں بسنے والوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی۔ سندھ کے اور سندھ میں بسنے والے لوگوں کے مسائل حل کرنے کے لیے وزیراعظم عمران خان انتہائی سنجیدہ ہیں، انشاء اللہ سندھ کے ترقیاتی منصوبوں کا جلد آغاز کیا جائے گا۔ سندھ کے تاریخی و قدیمی مقامات کو اجاڑنے والے کس منہ سے عوام کے پاس جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مبین احمد جتوئی کی قیادت میں ملنے والے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں ان کے ہمراہ اللہ بخش انڑ، آغا تیمور پٹھان و دیگر موجود تھے۔ ملاقات میں سندھ کی سیاسی و تنظیمی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی جبکہ ملاقات میں مبین جتوئی نے سندھ کی قدیمی تہذیب کروجھر کو اجاڑنے کے عمل سمیت سکھر کے شہریوں کو درپیش مشکلات سے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو آگاہ کیا۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وفد سے گفتگو میں کہاکہ چوروں اور لٹیروں کے خلاف احتسابی عمل شروع ہو چکا ہے پاکستان تحریک انصاف قومی خزانے کو مال غنیمت سمجھ کر لوٹنے والوں کو کسی صورت نہیں بخشے گی۔ انتہائی افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ سندھ حکومت نے 18 سال میں اپنی عیاشی اور سندھ کو کھنڈر بنانے کے علاوہ کوئی کام نہیں کیا۔ آج سندھ کے دیہی اور شہری علاقے تباہ ہو چکے ہیں۔ گورنر سندھ نے مزید کہاکہ مولانا فضل الرحمن کے دھرنے اسٹیج شو ثابت ہوئے ہیں، وہ چاہے جتنے پلان بنا لیں ان کے پلان، پلان ہی رہیں گے اور تحریک انصاف کو آنچ بھی نہیں آئے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے