
برسبین (جسارت نیوز) ڈیوڈ وارنر اور جو برنز کی شاندار شراکت داری کی بدولت آسٹریلیا نے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 312 رنز بناکر پاکستان کے خلاف 72 رنز کی مجموعی برتری حاصل کرلی، اوپنرز نے222 رنز بناکر ٹیم کو جاندار آغاز فراہم کیا، جوبرنز 97 رنز بناکر آئوٹ ہوئے، ڈیوڈ وارنر 151 اور مارنس لبوسکخنی 55 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، میچ کا دوسرا روز بلے بازوں کے نام رہا، فلاپ بیٹنگ کے بعد پاکستانی بولرز بھی آسٹریلوی بلے بازوں کے سامنے بے بس نظر آئے اور دوسرے روز صرف ایک وکٹ حاصل کر سکے، واحد وکٹ یاسر شاہ نے حاصل کی۔ جمعہ کو میچ کے دوسرے روز پاکستانی اننگز کے اسکور 240 رنز کے جواب میں آسٹریلوی ٹیم کی طرف سے ڈیوڈ وارنر اور جو برنز نے اننگز کا آغاز کیا، دونوں کھلاڑیوں نے انتہائی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور پاکستانی بولرز کی خوب دھلائی کی، دونوں کھلاڑیوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 222 قیمتی رنز بناکر اپنی ٹیم کو جاندار آغاز فراہم کیا۔ میچ کا دوسرا روز آسٹریلوی بلے بازوں کے نام رہا، جو برنز آسٹریلیا کے پہلے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 97 رنز بناکر یاسر شاہ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، وہ صرف 3 رنز کے فرق سے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی 5ویں سنچری مکمل نہ کر سکے، ڈیوڈ وارنر نے ایک اینڈ سے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور کیریئر کی 22 ویں سنچری اسکور کی، مارنس لبوسکخنی نے ان کا بھرپور ساتھ دیا اور دونوں نے مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا اور کھیل کے اختتام تک ٹیم کا اسکور ایک وکٹ کے نقصان پر 312 رنزتک پہنچا دیا، ڈیوڈ وارنر 151 اور مارنس لبوسکخنی 55 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، آسٹریلیا کو 72 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی، ہے، پاکستان کی طرف سے واحد وکٹ یاسر شاہ نے حاصل کی۔
