English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

برسبین ٹیسٹ کے دوسرے دن پا کستانی بولر صرف ایک وکٹ حاصل کرسکے

القمر

سید پرویز قیصر
برسبین میں پاکستان اور آسڑیلیا کے مابین کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے دن پاکستانی بولروں نے صرف ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ ٹیسٹ کے پہلے دن آسڑیلیا نے پاکستان کے تمام کھلاڑیوں کو86.2 اوور میں240 کے اسکور پر واپس پویلین بھیج دیا تھا۔ ٹیسٹ کے دوسرے دن آسڑیلیا نے 87 اوور میں ایک وکٹ پر312 رنز بنائے ۔پاکستان کے ساتھ ایسا بہت کم ہوا ہے جب پورے دن میں اسکے بولروں نے ایک کھلاڑی یا کسی بھی کھلاڑی کو آئوٹ نہیں کیا ہو۔ آسڑیلیا کی پہلی اننگ میں دوسرے دن واحد وکٹ لیگ اسپنریاسر شاہ نے حاصل کی تھی۔
ٹیسٹ کرکٹ میں ایسا ابھی تک 24 مرتبہ ہوا ہے جب ایک دن میں مکمل وقت کے کھیل میں کوئی وکٹ نہیں گر ی۔آسڑیلیا میں ایسا صرف ایک مرتبہ ہوا ہے اور وہ بھی ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی مرتبہ۔ ملبورن میں جنوری1925 میں آسڑیلیا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن انگلینڈ کے جیک ہوبس اور ہربرٹ سٹکلیف کو آسڑیلیا کا کوئی بھی بولر آوٹ نہیں کرسکا تھا۔ میچ کے دوسرے دن کا کھیل جب ختم ہوا تو انگلینڈ کو اپنی اننگ شروع کرنی تھی کیونکہ کھیل ختم ہونے سے چند لمحے پہلے آسٹریلیا کے تمام کھلاڑی149.5 اوور میں600 رنز بناکر آئوٹ ہوئے تھے۔ ٹیسٹ کے تیسرے دن انگلینڈ نے کسی نقصان کے بغیر 283 رنز بنائے تھے۔ جیک ہوبس نے آئوٹ ہوئے بغیر154 اور ہربرٹ سٹکلیف نے آئوٹ ہوئے بغیر123 رنز بنائے تھے۔ اس ٹیسٹ میں آسڑیلیا نے81 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔
پاکستان کے خلاف ایسا ابھی تک2 مرتبہ ہوا ہے جب اسکے بولر پورے دن کے کھیل میں کوئی وکٹ حاصل نہیں کرسکے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف1958 میں برج ٹاون میں کھیلے گئے دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک ویسٹ انڈیز نے ایک وکٹ پر 147 رنز بنائے تھے۔ گیری سوبرز 20 اور کونراڈ ہنٹ 100 رنز بناکر ناٹ آئوٹ تھے۔تیسرے دن دونوں کھلاڑیوں نے 357 رنز جوڑے۔ گیری سوبرز228 اورکونراڈ ہنٹ 242 رنز بناکر ناٹ آئوٹ لوٹے تھے۔ اس ٹیسٹ میں گیری سوبرز نے آئوٹ ہوئے ؓبغیر365رنز بنائے تھے جو سب سے بڑا انفرادی اسکور تھااور یہ کافی عرصے تک سب سے بڑا انفرادی اسکور بھی رہا۔ ویسٹ انڈیز نے اس ٹیسٹ میں ایک اننگ اور174 رنز سے جیت حاصل کی تھی۔
سری لنکا نے پاکستان کے خلاف کولمبو میں مارچ 1986 میں ہوئے ٹیسٹ میں آخری دن کوئی وکٹ نہیں گنوائی تھی اور ٹیسٹ برابر کرایا۔ ٹیسٹ کے چوتھے دن سری لنکا نے 3 وکٹ پر 83 رنز بنائے تھے۔ اسانکا گروسنہا34 اور ارجن راناتنگا صفر کے اسکور ہر ناٹ آئوٹ تھے۔ 5 ویں اور آخری دن ان دونوں کھلاڑیوں نے 240 رنز کا اضافہ کیا اور اپنی وکٹ بچائے رکھی۔ اسانکا گروسنہا495 منٹ میں 307 گیندوں پر14 چوکوں کی مدد سے116رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے جبکہ ارجن رانا تنگا341 منٹ میں208 گیندوں پر14چوکوں اور4 چھکوں کی مدد سے135 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے