ماؤنٹ مانگینوئی (جسارت نیوز) انگلینڈ ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 353 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، بین اسٹوکس 91، جو ڈینلی 74، برنز 52 اور جوز بٹلر 43 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، ٹم سائوتھی نے4، نیل واگنر نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، نیوزی لینڈ کا آغاز مایوس کن رہا، دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک 4 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنالئے اور اسکو انگلینڈ کی اننگز کا ا سکور برابر کرنے کے لئے مزید 209 رنز کی ضرورت تھی جبکہ اسکی 6 وکٹیں ابھی باقی تھیں، کین ولیمسن نے 51 رنز بنائے، انکے علاوہ کوئی بھی کیویز بلے باز انگلش بولرز کا ڈٹ کا مقابلہ نہ کر سکا، انگلینڈ کی طرف سے ثام کیرن نے 2، لیچ اور ا سٹوکس نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ جمعہ کو مائونٹ مانگینوئی کے مقام پر دونوں ٹیموں کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز انگلینڈ ٹیم نے اپنی پہلی ادھوری اننگز 241 رنز 4 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو بین اسٹوکس 67 اور اولی پوپ 18 رنز پر کھیل رہے تھے۔ بین ا سٹوکس اپنے گزشتہ روز کے ا سکور میں 24 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد نروس نائنٹیز کا شکار ہوگئے اور 91 رنز بناکر ٹم سائوتھی کی گیند پر راس ٹیلر کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ وہ انگلینڈ کے 5ویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے۔ اولی پوپ 29 رنز بناکر ٹم سائوتھی کی گیند پر واٹلنگ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، جوز بٹلر 43 رنز بناکر واگنر کی گیند پر سانٹنر کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے، اسٹورٹ براڈ آخری آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 1 رن بناکر واگنر کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ جیک لیچ 18 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ میچ کے دوسرے روز انگلینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 353 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، کیویز کی طرف سے ٹم سائوتھی نے 4، نیل واگنر نے 3، کولن ڈی گرینڈہوم نے2 جبکہ ٹرینٹ بولٹ نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے جیت راول اور ٹام لیتھم نے مایوس کن انداز میں اننگز کا آغاز کیا، کپتان کین ولیمسن نے سنبھالا دینے کی کوشش کی تاہم وہ بھی اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد 51 رنز بناکر ثام کیرن کی گیند پر بین ا سٹوکس کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ راس ٹیلر کیویز کے چوتھے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 25 رنز بناکر بین اسٹوکس کی گیند پر اولی پوپ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ میچ کے دوسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو کیویز نے انگلینڈ کی پہلی اننگز کے جواب میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنالئے تھے۔ ہنری نیکولس 26 اور واٹلنگ 6 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ تھے اور کیویز کو انگلینڈ کی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لئے مزید 209 رنز کی ضرورت تھی، انگلینڈ کی طرف سے ثام کیرن نے2 جبکہ جیک لیچ اور بین ا سٹوکس نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔
