English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

الیکشن کمیشن تینوں جماعتوں کے فنڈنگ کیس کی مشترکہ سماعت کرے، وزیر اعظم

القمر

 

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے اپنے قانونی مشیر بابر اعوان سے ملاقات کی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے خلاف فارن فنڈنگ کیس، ملک کی سیاسی صورتحال سمیت متعدد آئینی اور قانونی معاملات پر بات چیت کی۔ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بابر اعوان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو غلط طور پر اس کیسز میں ملوث کیا جارہا ہے۔ پی ٹی آئی کے تمام تر اکاؤنٹس آڈٹ شدہ ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ قانون کے تحت وفاقی حکومت فارن فنڈنگ کیس پر نظرِ ثانی کرسکتی ہے اور پہلے وہ افراد جومبینہ طور پر جعلی بینک اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں ان کا احتساب ہونا چاہیے۔ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کسی بھی کیس کا
ٹرائل کرنے کے لیے آزاد ہے لیکن حکومت کی درخواست ہے کہ ایک ساتھ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے خلاف کیس کی سماعت بھی کی جائے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے ای سی پی میں پی پی پی اور پی ایم ایل این کے خلاف درخواست دی ہے لہٰذا ہمارا مطالبہ ہے کہ کمیشن صرف پی ٹی آئی کی نہیں بلکہ تینوں جماعتوں کے خلاف کیس کی سماعت کرے۔معاون خصوصی کے مطابق وزیراعظم نے پارٹی اراکین سے کہا ہے کہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں کیوں کہ پارٹی کے فنڈز آڈٹ شدہ ہیں اور ان کی رپورٹ عدالتوں میں پیش کی جاچکی ہے۔دوسری جانب وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے یہ بھی کہا کہ تحریک انصاف ملک کی واحد جماعت ہے جو جمہوری روایات کا احترام کرتی ہے۔ میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی جب اقتدار میں تھیں، اس وقت انہوں نے نہ صرف عوام کو نظر انداز کیا بلکہ انہیں سیاسی طو پر دھوکا بھی دیا۔پی ٹی آئی کے فارن فنڈنگ کیس کے بارے میں بات کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی کی جانب سے مسلم لیگ (ن) اور پی پی پی کے خلاف فارن فنڈنگ کے حو الے سے جمع کروائی گی درخواست کی سماعت کرنی چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی رہبر کمیٹی رہزن (ڈاکو) کمیٹی بن چکی ہے اور اس کے اراکین ایک دوسرے کے سیاسی ایجنڈے کا تحفظ کررہے ہیں۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ معاشی ٹیم کی کوششوں سے کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ختم ہونے کے قریب آگیا۔وزیراعظم عمران خان نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اپنی معاشی ٹیم پر فخر ہے جس کی کوششوں کی بدولت گزشتہ چار ماہ میں کرنٹ اکائونٹ خسارہ ختم ہونے کے قریب آگیا۔وزیراعظم عمران خان نے بتایا کہ خسارہ کم ہونے سے روپے کی قدر میں چار روپے اضافہ ہوگیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اقتصادی ٹیم معیشت کی ترقی کے لیے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھے۔
وزیر اعظم عمران خان

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے