English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

قرآن کی بے حرمتی ، نارویجن سفیر کی دفتر خارجہ طلبی ، پاکستان کا شدید احتجاج۔ جماعت اسلامی کے ملک بھر میں مظاہرے

القمر

 

اسلام آباد/لاہور ( نمائندگان جسارت) قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف ناروے کے سفیر کی دفتر خارجہ طلبی، پاکستان کا شدید احتجاج،ذمے داروں کو کٹہرے میں لانے کا مطالبہ جبکہ جماعت اسلامی کے تحت ناروے میں قرآن کی بے حرمتی کیخلاف ملک بھر میں مظاہرے کیے گئے ۔تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف ناروے کے سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے پاکستان کے شدید تحفظات سے آگاہ کیاگیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ناروے میں مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے کے واقعے پر اسلام آباد میں تعینات ناروے کے سفیر کو طلب کرکے پاکستانی حکومت اور عوام کی تشویش سے آگاہ کیا گیا۔دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے ناروے حکومت سے واقعے کے ذمے داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قرآن پاک کی بے حرمتی سے دنیا بھر میں سوا ارب مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ آزادی اظہارکے نا م پرایسے اقدامات کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا
جائے۔پاکستان نے کہا ناروے میں قرآنِ کریم کونذرِآتش کرنے کی کوشش حیران کن اورافسوسناک ہے،قرآن کریم کی بے حرمتی عالمی امن کے لیے خطرناک ہے،عالمی سطح پر تمام مذاہب کی مقدس شخصیات اور شعائر کے تقدس کا قانون بنایا جائے،ناروے پولیس اگر قرآن جلانے والے کو کھلی چھوٹ نہ دیتی تو ایک نوجوان کو از خود اقدام کی ضرورت نہ پیش آتی،عالمی سطح پر توہین کو روکنے کے لیے قانون سازی کی ضرورت ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اوسلو میں پاکستان کے سفیر کو بھی نارویجین حکام تک پاکستان کے احتجاج اور گہری تشویش پہنچانے کی ہدایت کی گئی ہے۔دوسری جانب ناروے میں قرآن کریم کی بے حرمتی کے خلاف امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور صوبائی و ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر ہونے والے مظاہروں میں جماعت اسلامی کے کارکنوں سمیت عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔مظاہرین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ مغرب اور یورپ میں قرآن پاک اور نبی آخرالزماں حضرت محمد ﷺ کی اہانت کے واقعات کو روکنے کے لیے احترام مذاہب کے مؤثر قوانین بنائے جائیں تاکہ عالمی امن کو فروغ دیا جاسکے ۔لاہور میں منصورہ کے سامنے ملتان روڈ پر ہونے والے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے کہا کہ آ ج دنیا بھر میں ناروے میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف مظاہرے ہورہے ہیں اور امت مسلمہ اپنے غم و غصہ کا اظہار کررہی ہے ۔اسلام دشمن قوتیں اسلام کی مقبولیت مسلمانوں کے بڑھتے ہوئے قدموں کو روکنے کے لیے نبی مہربان حضرت محمد ﷺ اور قرآن کو اپنی نفرت کا نشانہ بنا رہی ہیںلیکن ہمار اایمان ہے کہ اسلام کیخلاف ان سازشوںکو کبھی کامیابی نہیں مل سکتی ۔اسلام محبت و اخوت اور عالمی ا من کا علمبردارہے۔ امیر العظیم نے کہا کہ پورے ملک میں عوام سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں جبکہ ہمارے حکمران بے غیرتی کی چادر اوڑھے سو رہے ہیں۔ان بے حس حکمرانوں نے قوم کو مایوس کیا ہے۔ انہوں نے عالم اسلام سے مطالبہ کیا کہ قران پاک کی بے حرمتی کرنے والوں کے خلاف اپنے اپنے ملک میں مقدمات درج کیے جائیں اور جن ممالک کے یہ باشندے ہیں ان سے مجرموں کی حوالگی کا مطالبہ کیا جائے۔انہوں نے مغربی اوریورپی ممالک سے بھی مطالبہ کیا کہ اس طرح کے واقعات کا مکمل سد باب کیا جائے اور ایسے لوگوں کو واردات سے قبل گرفتار کیا جائے ۔قرآن پاک کو جلانے کا اعلان کرنے والوں کو اتنی رعایت کیوں دی جاتی ہے کہ وہ اپنے جرم کا ارتکاب کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔امیر العظیم نے ناروے کے عوام کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس واقعے کے خلاف سڑکوں پر نکل کر احتجاج کیا اور مسلمانوں سے یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ قرآن پاک کو جلانے سے روکنے والے نوجوان عمر دابہ مسلم امہ کے ہیرو ہیں انہیں جلد از جلد رہا کیا جائے ۔مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان عبد الغفار عزیز نے کہا کہ قرآن پاک کی حفاظت کی ذمے داری اللہ تعالیٰ نے لے رکھی ہے ۔چاند پر تھوکنے کی جسارت کرنے والے بدبختوں کا اپنا چہرہ خراب ہورہا ہے اور ان کو دنیا و آخرت کی رسوائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایسی جسارت کرنے والے آج اسلام کے مبلغ بن چکے ہیں اور قرآن کریم کی حقانیت کو وہ بھی تسلیم کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔مظاہرین سے امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد اور چودھری عبد الواحد نے بھی خطاب کیا۔ادھر وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے رہنمائوں مولاناڈاکٹرعبدالرزاق سکندر،مولانا انوارالحق،مولانا مفتی محمد رفیع عثمانی اورمولانا محمدحنیف جالندھری نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہاکہ ناروے میں قرآن کریم کونذرِآتش کرنے کی کوشش افسوس ناک اور قابلِ مذمت ہے،ہمارے لیے یہ اَمرحیران کن ہے کہ ناروے جیسے ملک میں اِس قسم کی اشتعال انگیزی کی کھلی چھوٹ کیسے دی گئی؟اِس قسم کے واقعات عالمی اَمن کے لیے خطرے کی گھنٹی ۔جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے ناروے میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کو انتہائی افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے پوری دنیا کے مسلمانوں کی توہین ہوئی ہے اور ان کے دینی و روحانی جذبات کو ٹھیس پہنچائی گئی ہے ۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ایسے واقعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ اصل دہشت گرد کون ہے۔ ایسے واقعات کسی جگہ یا کسی بھی وقت پر ہوں قابل برداشت نہیں ہیں۔چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ، علامہ عبدالحق مجاہد، مولانا اسید الرحمٰن، مولانا انوار الحق مجاہد،مولانا عمار بلوچ، علامہ طاہر الحسن، مولانا محمد اشفاق پتافی، چودھری شبیر گجر ، مولانا عزیز اکبر قاسمی، مولانا مفتی عمران معاویہ، مولانا قاری عبدالرشید، مولانا عمر عثمان، مولانا محمد شفیع قاسمی اور دیگر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ناروے میں قرآن کریم کی بے حرمتی کا واقعہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے ،تمام مذاہب اور مکاتب فکر کے قائدین اس کی مذمت کرتے ہیں ،بین المذاہب مکالمہ اور بین المسالک رواداری کے لیے ہر سطح پر جدوجہد کی ضرورت ہے، تمام آسمانی مذاہب کے مقدسات کے لیے عالمی سطح پر قانون سازی کے لیے فوری اقدامات کیے جانے چاہئیں، مدارس و مساجد، عقیدہ ختم نبوت اور اسلامی دفعات کو کوئی خطرہ نہیں ہے ،حکومت کے اچھے اقدامات کی تائید کرتے رہیں گے،پاکستان علماء کونسل کے تحت آج لاہور میں اور 25نومبر کو اسلام آباد میں بین المذاہب مکالمہ کانفرنس ہوگی ۔
ملک گیر مظاہرے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے