مائونٹ مینگونئی (جسارت نیوز)نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 394 رنز بنا لئے اور اسے 41 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی، بی جے واٹلنگ 119 رنز کے ساتھ ناقابل شکست ہیں، کولن ڈی گرائونڈہوم نے نصف سنچری بنائی۔ ہفتہ کو ٹیسٹ کے تیسرے روز نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 144 رنز 4 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو ہینری نکولس 26 اور بی جے واٹلنگ 6 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ تھے، نکولس 41 رنز بناکر جو روٹ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، اس موقع پر بی جے واٹلنگ اور کولن ڈی گرائونڈہوم نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 119 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا ا سکور 316 تک پہنچا دیا، گرانڈہوم 65 رنز بناکر بین ا سٹوکس کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوگئے، بی جے واٹلنگ نے ایک اینڈ سے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور کیریئر کی 8 ویں سنچری مکمل کی، کھیل کے اختتام تک واٹلنگ اور مچل سینٹنر نے 78 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کرکے ٹیم کا ا سکور 6 وکٹ کے نقصان پر 394 تک پہنچا دیا، واٹلنگ 119 اور سینٹنر 31 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، نیوزی لینڈ کو پہلی اننگز میں 41 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی ۔
