English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

قائداعظم ٹرافی،خیبر پختونخواہ کو فائنل تک رسائی کیلئے مزید ایک کامیابی درکار

القمر

کراچی (سید وزیر علی قادری)قائداعظم ٹرافی کے9 ویںراؤنڈ کا آغاز آج سے ہوگا۔ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی 2 ٹاپ پوزیشنز کے حصول کے لیے ایونٹ میں شریک 6 ٹیموں کے درمیان جاری جنگ اختتامی مراحل میں پہنچ چکی ہے۔8ویں راؤنڈ میں بلوچستان کے خلاف ایک اننگز اور 122 رنز سے کامیابی حاصل کرنے والی خیبرپختونخوا کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر موجود ہے۔ گذشتہ راؤنڈ میں چوتھی پوزیشن پر موجود خیبرپختونخوا کی یہ ایونٹ میں پہلی کامیابی تھی۔ آج سے شروع ہونے والے آخری 2 راؤنڈز میں مزیدایک کامیابی خیبرپختونخوا کی فائنل میں رسائی یقینی بنادے گی۔خیبرپختونخوا کی ٹیم9ویںراؤنڈ میں سنٹرل پنجاب کے مدمقابل آئے گی۔ سنٹرل پنجاب کی ٹیم گذشتہ 8 میں سے 3 میچوں میں کامیابی حاصل کرکے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر براجمان ہے۔ خیبرپختونخوا اور سنٹرل پنجاب کے درمیان9ویںراؤنڈ کا میچ نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ گذشتہ راؤنڈ میں سنٹرل پنجاب نے اکمل برادران کی سنچریوں کی بدولت سندھ کے خلاف میچ ڈرا کردیا تھا۔ پہلی اننگز میں خسارے کا شکار سنٹرل پنجاب کی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے بازوں کامران اکمل اور عمر اکمل نے دوسری اننگز میں بالترتیب 166 اور 122 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ سنٹرل پنجاب کے کپتان احمد شہزاد کا کہنا ہے کہ آخری میچ میں ٹیم سے جو خامیاں سرزد ہوئیں ان پر قابو پانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم مجموعی طور پر ایونٹ میں بہتر کھیل کا مظاہرہ کررہی ہے۔احمد شہزاد نے کہا کہ ایونٹ میں سنٹرل پنجاب کے بلے بازوں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے خلاف میچ میں ڑھائی دن خسارے میں رہنے کے باوجود بلے بازوں نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے میچ ڈرا کردیا اور یہ سیشن ٹو سیشن کرکٹ ہی فرسٹ کلاس کرکٹ کا حسن ہے۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ3 ماہ سے مسلسل کرکٹ کھیلنے کے باعث آئندہ میچ سے قبل کھلاڑیوں کو نیٹ سیشن کے بجائے آرام کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہیڈ کوچ خیبرپختونخواکبیر خان کا کہنا ہے کہ ٹیم اچھی فارم میں ہے، بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں بہترین کارکردگی کے باعث پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلاشبہ سنٹرل پنجاب کی ٹیم ایونٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے تاہم آخری میچ میں کامیابی کے باعث خیبرپختونخوا کے اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑی پراعتماد اور آئندہ میچ میں کامیابی کے لیے پرعزم ہیں۔ کبیر خان نے کہا کہ قائداعظم ٹرافی میں معیاری کرکٹ دیکھنے کو مل رہی ہے اور ایونٹ کی2 ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل معرکہ دلچسپ اور سنسنی خیز ہوگا۔ سدرن پنجاب بمقابلہ سندھ بمقام نیشنل اسٹیڈیم کراچی:پوائنٹس ٹیبل پر 5ویں پوزیشن پر موجود سندھ کی ٹیم کو ایونٹ کے فائنل کی دوڑ میں اپنی جگہ برقرار رکھنے کے لیے آئندہ میچ میں کامیابی حاصل کرنا لازمی ہے۔ ایونٹ کے9ویں راؤنڈ میں سندھ کا مقابلہ سدرن پنجاب سے ہوگا۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شیڈول میچ پی سی بی کے ٹیوب چینل پر لائیو اسٹریم کیا جائے گا۔ اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان میچ سدرن پنجاب نے جیت لیا تھا۔7ویں راؤنڈ میں ناردرن سے شکست کھانے کے بعد سندھ کی ٹیم نے گذشتہ راؤنڈ میں سنٹرل پنجاب کے خلاف قدرے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا۔ میچ میں کپتان سرفراز احمد سمیت سندھ کے 4 بلے بازوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ فاسٹ بولر تابش خان نے میچ میں عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا تھا۔دوسری جانب سدرن پنجاب کی ٹیم ناردرن کے خلاف 8ویں راؤنڈکے میچ کی پہلی اننگز میں فالو آن کا شکار ہونے کے باوجودمیچ ڈرا کرنے میں کامیاب رہی تھی۔ دوسری اننگز میں عمر صدیق کی سنچری جبکہ ذیشان اشرف اور صہیب مقصود کی نصف سنچریوں ن نے میچ کو بے نتیجہ ختم کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔گذشتہ راؤنڈ میں تینوں بلے بازوں کی بہتر کارکردگی کے باوجودسدرن پنجاب کی بیٹنگ لائن اپ کامحور ایونٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے اوپنر سمیع اسلم ہیں۔ سمیع اسلم تاحال 8 میچوں میں 856 رنز بناچکے ہیں۔ سندھ کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ سدرن پنجاب کی بیٹنگ لائن اپ مضبوط ہے اور وہ کھیل کے دوران سمیع اسلم سمیت دیگر بلے بازوں کو جلد از جلد آؤٹ کرکے میچ میں اپنی گرفت مضبوط رکھنے کی کوشش کریں گے۔سرفراز احمد نے کہا کہ ایونٹ کے فائنل کی دوڑ میں شامل ہونے کے لیے انہیں آئندہ میچ جیتنا لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے دونوں میچز جیتناان کا ہدف ہے۔ سدرن پنجاب کے کپتان :بلاول بھٹی کا کہنا ہے کہ اس سے قبل سدرن پنجاب کی ٹیم ایونٹ میں سندھ کو بھاری مارجن سے شکست دے چکی ہے لہذٰا حریف ٹیم نفسیاتی دباؤ کا شکار ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سدرن پنجاب کی بیٹنگ لائن اپ نے ایونٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔بلاول بھٹی نے کہا کہ سمیع اسلم بہترین فارم میں ہیں جبکہ آخری میچ میں عمر صدیق اور ذیشان اشرف کی شاندار بلے بازی نے بیٹنگ کے شعبے کو مزید تقویت بخشی ہے۔انہوں نے کہا کہ میچ کے دوران ابتدائی 4 بلے باز بہتر کھیل کا مظاہرہ کریں تو ٹیم کے دیگر کھلاڑی دباؤ کا شکار نہیں رہتے۔ آل راؤنڈر کا کہنا ہے کہ اسپنر محمد عرفان ہر میچ میں وکٹیں حاصل کررہے ہیں اور کراچی کی پچز اسپنرز کے لیے سازگار ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دن بھر چلنے والی ٹھنڈی ہوا اسکواڈ میں شامل پیسرز کے لیے بھی مددگار ثابت ہوگی۔بلوچستان بمقابلہ ناردرن، یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی:7ویں راؤنڈ میں کامیابی حاصل کرنے والی ناردرن کی ٹیم نے گذشتہ راؤنڈ میں سدرن پنجاب کی ٹیم کے خلاف بھی بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے