تہران(مانیٹرنگ ڈیسک) ایران نے داخلی معاملات میں مداخلت اور شہریوں کو حکومت کے خلاف اکسانے والے ممالک کو خطرناک نتائج کے لیے تیار رہنے کی دھمکی دی ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری نے خطے کی دیگر ریاستوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے داخلی معاملات میں ٹانگ نہ اڑائیں، شہریوں کو ہڑتال اور احتجاج کے لیے اکسا کر امن و امان کی صورت حال کو تہہ و بالا کرنے کی ناپاک سازش سے باز آجائیں۔ انہوںنے کہا کہ اگر کسی ملک نے ایران میں داخلی سطح پر بد امنی پھیلانے کی کوشش کی تو اس کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایران کو دوسرے ممالک کی مداخلت کے شواہد مل گئے تو ایسے ممالک کا انجام اچھا نہیں ہوگا۔واضح رہے کہ ایران میں تیل اور گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے بعد ملک بھر میں پر تشدد احتجاجی مظاہرے ہورہے ہیں، اب تک ایک ہزار سے زائد مظاہرین کو حراست میں لیا گیا ہے جب کہ درجنوں مظاہرین ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔
