عمران خان کا نام ہی تحریک انصاف ہے اور وہی ہمارا اتحادی ہے‘وفاقی وزیر ریلوے
ایم ایل ون منصوبے کومیں ہی انجام تک پہنچاؤں گا‘ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ نیا سال آئے گا تو عمران خان کے مسائل حل ہوجائیں گے، عمران خان کا نام ہی تحریک انصاف ہے اور وہی ہمارا اتحادی ہے، ایم ایل ون منصوبے پر میں نے دستخط کیے، میں ہی اس کوانجام تک پہنچاؤں گا۔ انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین بطور وزیر ریلوے مجھ سے مطمئن ہے۔ایم ایل ون پر میں نے دستخط کیے میں ہی انجام تک پہنچاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ میری تبدیلی سے متعلق خبر بے بنیاد ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان لوگوں کو لے کر ضرور آئے لیکن اسٹریٹجی نہیں تھی۔ مولانا فضل الرحمان نے بہت بڑی ایکسرسائز کی، دھرنے کی ایک سال تیاری کی۔ دھرنا دنیا کا سب سے مشکل کام ہے جبکہ 7 سال قید کاٹنا آسان ہے۔ان کی 11 سیٹوں کو 111 کرلیں پھربھی ان کا سیاست میں کردارنہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ نیا سال آئے گا تو عمران خان کے مسائل حل ہوجائیں گے۔ عمران خان کا نام ہی پی ٹی آئی اور وہی اتحادی ہے۔پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کواپوزیشن نے ایسا پیش کیا جیسے بہت بڑی چیز سامنے آگئی۔ چائے کی پیالی میں طوفان کو بڑا بنا دیا گیا ہے۔پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کو سیاسی بنا دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن 10مہینے یہ کیس لیکربیٹھا رہا،اب اسکروٹنی کمیٹی بنائی گئی ہے ہم پیش ہوں گے۔ الیکشن کمیشن دوبارہ شواہد مانگے گا تو دیں گے۔ نہ پہلے کچھ چھپایا نہ اب چھپائیں گے۔ بلا امتیاز کارروائی کی ہدایت کا مطلب ہے دیگرجماعتوں کے فنڈ بھی چیک کیے جائیں۔

