کولکتہ(جسارت نیوز)بھارت نے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں بنگلا دیش کو اننگز اور 46 رنز سے شکست دے کر سیریز کلین سویپ کر لی، بنگلا دیشی ٹیم دوسری اننگز میں 195 رنز پر ڈھیر ہوگئی، مشفق الرحیم 74 رنز کے ساتھ ٹاپ ا سکورر رہے، ایشانت شرما کو شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر میچ اور سیریز کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا، بھارت کی یہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں مسلسل 7ویں کامیابی ہے۔ اتوار کو کولکتہ میں ٹیسٹ کے تیسرے روز بنگلا دیش نے دوسری نامکمل اننگز 152 رنز 6 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی بقیہ بلے باز صرف 43 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے، مشفق الرحیم نے 74 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، مہدی حسن میراز 15 ، تیج الاسلام 11 ، عبادت حسین صفر اور الامین حسین 21 رنز بناکر آئوٹ ہوئے، بھارت کی جانب سے امیش یادیو نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 5 وکٹیں حاصل کیں، ایشانت شرما نے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، ایشانت شرما کو میچ میں 9 جبکہ سیریز میں مجموعی طور پر 12 وکٹیں لینے پر میچ اور سیریز کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا، واضح رہے کہ بھارت کی یہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں مسلسل 7ویں کامیابی ہے اور اس کے پوائنٹس کی تعداد 360 ہوگئی ہے، اس سے قبل بھارتی ٹیم ویسٹ انڈیز کو 2 اور جنوبی افریقا کو3تین میچز کی سیریز میں کلین سویپ شکست دے چکی ہے۔
