English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

میرے خلاف بیان کس نے دلوایا؟ پولیس حقائق بتائے ورنہ کارروائی کرونگا ، وزیر اعلیٰ سندھ کی دھمکی

القمر

 

کراچی(نمائندہ جسارت+ خالدمخدومی) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایم کیوایم لندن کے ٹارگٹ کلر یوسف ٹھیلے والاسے متعلق پولیس رپورٹ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حقائق بتادیں کہ میرے خلاف بیان کس نے دلوایا ورنہ پولیس کے خلاف کارروائی کروں گا۔پولیس کے اعلیٰ افسران نے ٹارگٹ کلرکی وائرل ہونے والی وڈیو پولیس کا سنگین جرم قراردیتے ہوئے غلطی کا اعتراف کرلیا ہے،ایس ایس پی ایسٹ اظفرمہسر کو کو سندھ بدر کرکے خدمات وفاق کے حوالے کردی گئیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے وڈیو بیان کی ریکارڈنگ کے ماسٹرمائنڈ کوسامنے لانے کا مطالبہ کردیا ہے۔ گرفتارٹارگٹ کلر یوسف ٹھیلے والاکے مبینہ وڈیو بیان کے معاملے پر آئی جی سندھ ، دیگرپولیس افسران کی وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے طویل ملاقات ہوئی۔ معتبر ترین ذرائع کا کہنا ہے کہ اعلیٰ پولیس افسران نے وزیراعلیٰ سندھ کے سامنے اعتراف کیا ہے یہ سنگین غلطی ہے۔مراد علی شاہ نے پولیس افسران سے استفسارکیا ہے بتائیں ذمے دار پولیس افسران کو کیا سزا دی جائے، یہ غفلت نہیں بلکہ یہ بیان میرے خلاف سوچی سمجھی سازش ہے۔وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا
کہ کسی چھوٹے افسر پرذمے داری ڈال کربڑے افسران بچ نہیں سکتے،بیان کی ریکارڈنگ کے وقت دیگراشخاص بھی موجود تھے،میں اس بیان کے ماسٹر مائنڈ تک پہنچنا چاہتا ہوں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ انکوائری رپورٹ مبہم ہونے پروزیراعلیٰ سندھ نے برہمی کا اظہارکیا ہے۔ تحقیقاتی رپورٹ میں وزیراعلیٰ سندھ سے متعلق ٹارگٹ کلرکی وڈیو وائرل ہونے کی براہ راست ذمے داری کسی پر عاید نہیں کی گئی۔علاوہ ازیں یوسف ٹھیلے والاکی گرفتاری کے حوالے سے پولیس کے بیانات میں تضادپایاگیاہے، 96افراد کی ٹارگٹ کلنگ کے الزام میں مبینہ طور پر گرفتار ٹارگٹ کلر کی گرفتاری کا معاملہ الجھ گیا، اب تک طے نہیں ہوسکا کہ اسے گرفتار کیا گیا یا نہیں۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق سولجر بازار تھانے میں تعینات جن پولیس اہلکاروں نے یوسف عرف ٹھیلے والے کو گرفتار کیا انہوں نے ملزم کی گرفتاری سے انکار کردیا ہے۔ادھر سندھ پولیس میں بڑے پیمانے پرتقرروتبادلے کردیے گئے۔تنویرعالم اوڈھو کو کپیٹن غلام اظفر مہسرکی جگہ ایس ایس پی ایسٹ تعینات کردیا گیاجب کہ فداحسین جانوری ایس ایس پی ویسٹ اورشوکت کٹھیان کو پرنسپل رزاق آباد پولیس تربیتی مرکز کا سربراہ تعینات کیا گیا ،خاتون ایس اپی کلفٹن سو ہائے عزیزکاتبادلہ سجاول کردیا گیاجب کہ کیپٹن امیرسعود کی خدمات ایڈیشنل آئی جی کراچی کے حوالے کردی گئیں ہیں ۔ جسارت کے رپورٹر خالد مخدومی کی رپورٹ کے مطابق ایس ایس پی ایسٹ کوصوبہ بدر کرنے کا فیصلہ سندھ پولیس پر شدید دبائو کا نتیجہ ہے۔ سندھ پولیس عملی طور آئی جی سندھ کے بجائے براہ راست وزیر اعلیٰ سندھ کے کنٹرول میںآچکی ہے، ایس ایس پی ایسٹ کی خدمات وفاق کے حوالے کرنے کے لیے اے آئی جی چیف پولیس اسٹبلشمنٹ نے چیف سیکرٹری کو خط لکھ دیا ، مراسلہ نمبر 14088-90/E1 میں چیف سیکر ٹری سے کہا گیا ہے کہ سرکاری کاموں کے مفاد میں گریڈ19کے افسر کیپٹن (ر) غلام اظفر مہسر کی خدمات وفاق کے سپرد کر دی جائیں ،دوسری طرف سندھ پولیس کے معاملات پر نظر رکھنے والوں کے مطابق یہ فیصلے اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ سندہ پولیس مکمل طور طور سیاسی دبائو کا شکار ہو چکی ہے اور صوبائی اسمبلی نے نئی قانوں سازی کے بعد سندھ پولیس عملی طور آئی جی سندھ کے بجائے براہ راست وزیر اعلیٰ سندھ کے کنٹرول میںآچکی ہے۔ اس سے قبل پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت اور سندھ پولیس کے 2سابق آئی جیز اللہ ڈینو خواجہ اور ڈاکٹر سید کلیم امام کے درمیان طویل عرصے سرد جنگ رہی تھی ، جس میںاے ڈی خواجہ عدالتی جنگ کے بعد پولیس کو سیاسی دبائو سے آزاد کرانے میںکامیاب ہوگئے تھے اور سندھ پولیس کے سربراہ کو عدالت کے ذریعے افسروں کے تبادلے اور تقرریوں سمیت دیگر تمام معلاملات پر فیصلے کے اختیارات حاصل ہوگئے تھے تاہم سندھ حکومت نے کچھ عرصہ قبل نئی قانوں سازی کی جس کے نتیجے میں سندھ پولیس ایک مرتبہ پھر سیاسی دباؤکا سامنا ہے ۔
وزیراعلیٰ سندھ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے