English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

مصر میں سیاسی انتقام جاری مزید 7 افراد کو سزائے موت

القمر

قاہرہ (رپورٹ: منیب حسین) مصر میں اقتدار پر قابض فوجی حکومت نے 5برس سے اپنے مخالفین کے خلاف انتقام کا سلسلہ شروع کررکھا ہے۔ اس ضمن میں ہزاروں افراد کو بلاجواز جیلوں اور تفتیشی مراکز میں ڈالا گیا ہے، جب کہ سیکڑوں کو سزائے موت اور عمر قید سمیت مختلف سزائیں سنائی جاچکی ہیں، جن میں ملک کی سب سے بڑی سیاسی ومذہبی جماعت اخوان المسلمون کی قیادت اور کارکنوں سمیت عام شہری بھی شامل ہیں۔ وقت کے ساتھ ساتھ اس سیاسی انتقام میں کمی آنے کے بجائے اضافہ ہی ہورہا ہے۔ اس کا تازہ مظاہرہ گزشتہ روز قاہرہ کی ایک فوجداری عدالت میں دیکھنے میں آیا، جہاں مزید 7 افراد کو سزائے موت سنا دی گئی۔ الجزیرہ کے مطابق ان تمام افراد کو ’’مائیکروبس حلوان سیل‘‘ نامی مقدمے میں سزا سنائی گئی ہے۔ جب کہ عدالت نے دیگر 3 ملزمان کو 15 سال اور 15 کو 10 سال قیدبامشقت کی سزا بھی سنائی۔ ساتھی ہی 7 افراد کو بری کردیا گیا۔ یاد رہے کہ مائیکروبس حلوان مقدمے میں نامزد افراد پر 2016ء میں ایک پولیس افسر اور 7 اہل کاروں کو قتل کرنے کے ساتھ پوسٹ آفس سے 82 ہزار مصری پاؤنڈ چرانے کا الزام لگایا گیا تھا۔ تاہم فوج کی جانب سے 2013ء میں ملک کے پہلے منتخب صدر ڈاکٹر محمد مرسی مرحوم کی حکومت پر شب خون مارے جانے کے بعد سے مختلف جھوٹے مقدمات قائم کرکے سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں، ارکان اور عام نوجوانوں کو سزائیں سنائی جارہی ہیں۔ ریاست کے اس انتقام سے ذرائع ابلاغ بھی محفوظ نہیں ہیں۔ اتوار کے روز مصری پولیس نے قاہرہ میں مقامی نیوز ویب سائٹ ’’مدی مصر‘‘ کے دفتر پر چھاپا مار کر اس سے وابستہ 3 صحافیوں کو حراست میں لیا ہے۔ الجزیرہ کے مطابق نیوز ویب سائٹ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سادہ لباس افراد نے ان کے دفتر پر چھاپا مارا اور رعنا ممدوح، محمد حمامہ اور لینا اتالا کو حراست میں لے لیا، جنہیں دفتر استغاثہ منتقل کیا گیا ہے۔ مدی مصر کے مطابق 9 افسران نے کئی گھنٹوں تک صحافیوں سے پوچھ گچھ کی، اور ان سے فون اور لیپ ٹاپ اَن لاک کرکے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے