English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سندھ حکومت نے ٹڈی دل کے خاتمہ کیلئے وفاق سے مدد مانگ لی

وفاق فوراً اسپرے کیلئے 3 جہاز اور 32 گاڑیاں سندھ حکومت کو فراہم کرے، ایک جہاز سے چاروں ڈویژن کے تمام اضلاع میں اسپرے نہیں ہوسکتا، وزیر زراعت
ٹڈی دل کا خاتمہ کرنے کی ادویات باہر سے منگوانا بھی وفاق کی ذمہ داری ہے اگر اقدامات نہ کئے گئے تو سندھ میں فصلوں کو بڑا نقصان ہوا، اسمعٰیل راہو کا وفاقی حکومت کو خط
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ میں ٹڈی دل کا فصلوں پر حملہ، صوبائی حکومت نے وفاق کو خط لکھ کر اسپرے کے لیے 3 جہاز اور 32 گاڑیاں مانگ لیں۔ وزیر زراعت سندھ اسماعیل راہو نے خط میں وفاقی حکومت سے کہا ہے کہ وفاق فوراً اسپرے کے لیے مزید 3 جہاز اور 32 گاڑیاں سندھ حکومت کو فراہم کرے ایک جہاز سے چاروں ڈویژن کے تمام اضلاع میں اسپرے نہیں ہو سکتا، ٹڈی دل کا خاتمہ کرنے کی ادویات باہر سے منگوانا بھی وفاق کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہاکہ شہید بے نظیر آباد، لاڑکانہ، سکھر اور میرپورخاص میں ٹڈی دل مزید بڑھ رہی ہے، وفاق نے فوراً مدد نہ کی تو ٹڈی دل سندھ میں فصلوں کو بڑا نقصان پہنچا سکتی ہے، تمام اضلاع کے لیے الگ الگ 8، 8 گاڑیاں دی جائیں تاکہ ٹڈی دل کا خاتمہ کیا جاسکے۔ وفاق سندھ حکومت کی کوئی مدد نہیں کررہا۔ گزشتہ سال سندھ میں بارشوں سے فصلوں کو نقصان پہنچا تھا جس کے لیے وفاق کو قحط زدہ علاقوں میں زرعی قرض معاف کرنے کے لیے خط لکھا مگر دس ماہ گزر گئے جواب نہیں دیا گیا۔ اسماعیل راہو نے کہاکہ سندھ حکومت ٹڈی دل سے متاثرہ علاقوں کے لیے 33 کروڑ روپے مختص کر چکی ہے کئی اضلاع میں اپنی مدد سے اسپرے بھی کروایا ہے مگر اب بھی ٹڈی دل موجود ہے۔ انہوں نے کہاکہ خیرپور، نارو، صالح پٹ اور شہید بے نظیر آباد میں اسپرے کے لیے بھیجا گیا جہاز خراب کھڑا ہے وفاق صحرائی علاقوں میں اسپرے کرنے کے لیے سندھ کو 3 مزید جہاز فراہم کرے۔ اسماعیل راہو نے خط میں کہا ہے کہ ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے وفاق نے اقدامات نہ کیے تو آئندہ سال فصل کو بہت نقصان ہو سکتا ہے وفاق نے ایک خراب جہاز سندھ کو دے کر باقی جہاز پنجاب میں کھڑے کر دیے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے