لندن(آئی این پی)سابق وزیراعظم نواز شریف کا لندن کے3 بڑے اسپتالوں میں طبی معائنہ کرایا جا چکا ہے،کل جمعرات کے روز پی ای ٹی اسکین ہوگا، ماہر امراض قلب ڈاکٹر سیگواٹ، ڈاکٹر ڈیوڈ لارنس اور پروفیسر ڈاکٹر سائمن نے نواز شریف کا مکمل چیک اپ کیا، مرض کی تشخیص کے لیے معالجین میڈیکل ٹیسٹوں کی رپورٹ کا انتظار کر رہے ہیں جبکہ ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نواز شریف کی صحت کے متعلق مشاورت کر رہے ہیں۔علاوہ ازیں نواز شریف کے بیٹے حسین نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کو زہر خورانی سے متعلق رپورٹس سامنے آنے پر ہی بات کروں گا۔فیملی ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے آج پورا دن آرام کیا ، حسین نواز نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس سے متعلق تشخیص اور علاج ساتھ چل رہے ہیں، ڈاکٹر اسٹیرائڈز کی بھاری ڈوز ختم کرنا چاہتے ہیں تاکہ بون میرو کی تشخیص ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ زہر خورانی کے خدشات سے متعلق رپورٹ سامنے آنے پر ہی بات کروں گا۔
