English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سنی وقف بورڈ کا بابری مسجد کیس فیصلے پر اپیل نہ کرنے کا اعلان

القمر

لکھنؤ (انٹرنیشنل ڈیسک) بابری مسجد کیس کے اہم فریق سنی وقف بورڈ نے 9 نومبر کو سنائے گئے بھارتی عدالت عظمیٰ کے فیصلے پر نظر ثانی کی اپیل دائر نہ کرنے کا اعلان کردیا۔ سنی وقف بورڈ کے چیئرمین ظفر فاروقی نے منگل کے روز نئی دہلی میں ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ اجلاس میں کثرت رائے سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ایودھیا تنازع پر نظر ثانی اپیل دائر نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں بورڈ کے 8 میں سے 7 ارکان شریک ہوئے، جن میں سے 6 کی رائے یہ تھی کہ فیصلے پر نظرثانی کے لیے عدالت عظمیٰ سے رجوع نہ کیا جائے۔ ظفر فاروقی نے بتایا کہ بورڈ نے تاحال یہ فیصلہ نہیں کیا کہ وہ 5 ایکڑ متبادل زمین کی پیش کش قبول کریں گے یا نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ حکومت کی پیشکش کے بعد زمین سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔ اس سے قبل آل انڈیا مسلم پرسنل بورڈ نے اس فیصلے کے خلاف نظر ثانی کی اپیل دائر کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ ایودھیا کیس میں فریق جمعیت علمائے ہند کے توسط سے نظر ثانی کی اپیل دائر کرے گا۔ دوسری جانب بھارتیہ جنتا پارٹی نے سنی وقف بورڈ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ سے دوبارہ اپیل کی ہے کہ وہ عدالت سے رجوع نہ کرے۔ بی جے پی کے ترجمان شاہنواز حسین نے کہا کہ فیصلہ آنے سے پہلے مسلمان علما اور ہندو سنتوں نے مل کرطے کیا تھا کہ جو بھی فیصلہ آئے وہ تسلیم کریں گے۔ لیکن آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین کے رہنما اسد الدین اویسی اور کچھ دیگر لوگوں کو ورغلا رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے