English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

امریکا اور اتحادیوں کو نیست و نابود کرنے کی ایرانی دھمکی

القمر

تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ جنرل حسین سلامی نے امریکا اور اس کے اتحادیوں کو حد پار کرنے سے باز رہنے کی تنبیہ کرتے ہوئے انہیں تباہ کرنے کی دھمکی دے دی۔ خبررساں اداروں کے مطابق جنرل حسین سلامی نے ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے تیل اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف حکومت مخالف مظاہروں میں امریکا اور اس کے اتحادی ممالک کے ملوث ہونے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران دشمن ممالک اپنی حد پار نہ کریں۔ جنرل حسین سلامی نے ایران میں پیدا ہونے والی کشیدہ صورت حال کا ذمے دار امریکا، سعودی عرب اور اسرائیل کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ممالک ایران کے داخلی معاملات میں مداخلت کررہے ہیں اور حکومت مخالف قوتوں کی پشت پناہی کررہے ہیں۔ اگر اس بات کے ثبوت مل گئے، تو ایران ان ممالک کے خلاف سخت ردعمل دے گا۔ دوسری جانب برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز نے سعودی عرب کے خلاف مبینہ ایرانی سازش کی نئی تفصیلات عام کردیں۔ نیوز ایجنسی نے بتایا کہ ڈرون طیاروں کے ذریعے سعودی عرب کی ملکیت ارامکو کمپنی کی تیل تنصیبات پر حملے سے 4 ماہ قبل ایرانی سیکورٹی اہل کار تہران کے سخت سیکورٹی والے آڈیٹوریم میں جمع ہوئے۔ ان میں پاسداران انقلاب کے اعلیٰ کمانڈر بھی شامل تھے۔ ان میں وہ عہدے دار بھی شامل تھے جو میزائلوں کے اپ گریڈ کرنے اور خفیہ آپریشن کے ذمے دار سمجھے جاتے ہیں۔ نیوز ایجنسی نے 4 مختلف ذرائع کے حوالے سے ایرانی رہبراعلیٰ کا بیان نقل کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم اپنی تلواریں دکھائیں اور انہیں سبق سکھائیں۔ اس موقع پر ایرانی لیڈروں نے امریکی فوجی اڈوں سمیت اہم اہداف پر حملہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا، تاہم اس اجلاس میں اس پہلو پرغور کیا گیا کہ ایران کوئی ایسا اقدام کرے کہ سانپ بھی مرے اور لاٹھی بھی نہ ٹوٹے۔ یعنی امریکا کو منہ توڑ جواب بھی مل جائے اور اس کے ساتھ براہ راست محاذ آرائی بھی نہ ہو۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے