بماکو (انٹرنیشنل ڈیسک) افریقی ملک مالی میں فرانسیسی فوج کے 2ہیلی کاپٹروں کے تصادم کے نتیجے میں 13فوجی ہلاک ہو گئے۔ فرانسیسی حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب فرانسیسی فوجی مغربی افریقا کے ساحل خطے میں عسکریت پسندوں پر حملے کی تیاری کر رہے تھے۔ ذرائع ابلاغ پر واقعے کو پیرس حکومت کے لیے بڑا دھچکا قرار دیا جارہا ہے، کیوں کہ یہ ہیلی کاپٹر کئی روز سے نیجر اور برکینا فاسو سے متصل علاقے لیپٹاکو میں فوجی آپریشن میں معاونت فراہم کررہے تھے۔ فرانسیسی وزارت دفاع کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہے۔ ادھر فرانسیسی صدر عمانویل ماکروں نے واقعے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹ میں لکھا کہ تمام فوجیوں کا صرف ایک مقصد تھا، ہماری حفاظت کرنا۔ واضح رہے کہ چند برس کے دوران یہ خطہ افریقا میں داعش اور القائدہ سے منسلک مسلح گروہوں کا گڑھ بن کر ابھرا ہے۔ فرانسیسی فوج 6برس سے مالی کی فوج کے ساتھ مل کر مقامی عسکریت پسندوں کے خلاف برسرپیکار ہے۔ مالی اور اس کے پڑوسی افریقی ممالک میں ساڑھے 4ہزار فرانسیسی فوجی تعینات ہیں۔ گزشتہ 2ماہ کے دوران اس علاقے میں مسلح گروہوں کی کارروائیوں میں بظاہر تیزی آئی ہے اور مختلف حملوں میں 100مقامی فوجی مارے گئے۔ چند روز قبل کان کنی کی ایک کینیڈین کمپنی کے ملازمین کے قافلے پر حملے میں 37افراد ہلاک ہوئے تھے۔ خبر رساں ادارے آر ٹی کے مطابق ہلاک فوجیوں میں 6 افسر، 6 نان کمیشنڈ افسر اور کورپورل شامل ہیں۔ واضح رہے کہ فرانس میں 2013 ء میں مداخلت کے بعد سے یہ فوجی جوانوں کا سب سے بڑا نقصان ہے۔ فرانسیسی صدر عمانویل ماکروں نے مالی کے واقعے پر انتہائی دکھ کا اظہار۔ واضح رہے کہ مالی میں فرانس کی ساڑھے 4 ہزار فوج عسکریت پسندوں کے خلاف لڑائی میں مصروف ہے۔
