English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

فٹبال کو لاوارث نہیں چھوڑا جاسکتا ،سینیٹ کمیٹی

القمر

اسلام آباد (جسارت نیوز) فٹ بال کے فروغ کے لئے تشکیل دی گئی سینیٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس کمیٹی کے کنوینئر سینیٹر دلاور خان کمیٹی کی زیر صدارت منگل کو منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینیٹرز اسد اشرف، مرزا محمد آفریدی، روبینہ خالد ، ماہرین اور حکام نے شرکت کی۔ سینیٹر دلاور خان نے کہا کہ فٹ بال کے گرتے ہوئے معیار کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے، توقع رکھتے ہیں کہ ماہرین کی رائے اور کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں فٹ بال کے کھیل میں بہتری آئے گی۔ کمیٹی کے اراکین نے کہا کہ مالی وسائل کا فقدان، سرپرستی کا نہ ہونا اور عدم توجہ بنیادی وجوہات ہیں۔ سینیٹر مرزا محمد آفریدی نے کہا کہ ملک میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، پی ایس ایل کے طرز پر اقدامات کی ضرورت ہے، اس کو ڈھونڈنے کی ضرورت ہے۔ کنوینئر کمیٹی نے کہا کہ مشاورت اور ہم آہنگی کے ساتھ معاملات کو آگے بڑھائیں گے۔ سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ 2020ء کو چیئرمین سینیٹ نے فٹ بال کا سال قرار دیا ، فٹ بال کے فروغ کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہو گا، نئی نسل کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کیلئے فٹ بال ایک اچھا آپشن ہے، ہماری نوجوان نسل میں ٹیلنٹ ہے۔ کمیٹی اراکین نے کہا کہ فٹ بال کے فروغ کیلئے علاقائی، صوبائی سطح پر مقابلے کرانے کی ضرورت ہے۔ سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ فٹ بال کو لاوارث نہیں چھوڑا جا سکتا، صوبوں کو بھی آن بورڈ لے کر حکمت عملی تیار کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر کمیٹی کو فٹ بال فیڈریشن کی جانب سے بتایا گیا کہ ہمیں انتظامی امور میں مشکلات کا سامنا ہے۔ وزارت بین الصوبائی رابطہ کی جانب سے بتایا گیا کہ حکومت معاملات میں بین الاقوامی قواعد کے تحت مداخلت نہیں کر سکتی۔ کمیٹی نے کہا کہ ہمیں مل کر معاملات کو حل کرنا ہو گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے