کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں میچ کا دوسرا روز خیبرپختونخوا کے نام رہا۔ 355 رنز کے جواب میں سنٹرل پنجاب کی آدھی ٹیم پہلی اننگز میں 154 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ چکی۔ مڈل آرڈر بیٹسمین محمد سعد 49 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کامران اکمل 38 اور رضوان حسین 9 کے انفرادی اسکور سے کھیل کے تیسرے روز کا آغاز کریں گے۔ خیبرپختونخوا کے اسپنرز خالدعثمان 3اور محمد محسن 2وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ا س سے قبل میچ کے پہلے روز مشکلات کا شکار خیبرپختونخوا کی ٹیم نے 8وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز سے اپنی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا۔10ویںنمبر پر بیٹنگ کے لیے میدان میں اترنے والے خالدعثمان نے نوجوان آل راؤنڈر محمد محسن کے ہمراہ عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے9ویں وکٹ کے لیے 119 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو مشکلات کے بھنور سے نکالا۔ خالد عثمان نے 72 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ محمد محسن 56 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔سنٹرل پنجاب کی جانب سے پہلی اننگز میں 4شکار کرنے والے اسپنرظفر گوہر نے ایونٹ میں 32وکٹیں حاصل کرلیں۔ بلال آصف نے پہلی اننگز میں3 اور اعزاز چیمہ نے 2وکٹیں حاصل کیں۔ دوسری جانب چھٹی وکٹ کے لیے سرمد بھٹی اور جمال انور کے درمیان 101 رنز کی ناقابل شکست شراکت نے ناردرن کی میچ میں پوزیشن مستحکم کردی ۔ یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں میچ کے دوسرے روز بلوچستان کے 300 رنز کے جواب میں ناردرن نے 5وکٹوں کے نقصان پر 297 رنز بنالیے۔ سرمد بھٹی 83 اور جمال انور 61 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔ ناردرن کی جانب سے عمر امین 69 رنزبناکر آؤٹ ہوئے۔ بلوچستان کے تاج ولی 2کھلاڑیوں کو آؤٹ کرچکے ۔ اس سے قبل 8وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز سے پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کرنے والی بلوچستان کی پوری ٹیم میچ کے دوسرے روز 300 رنزبناکر آؤٹ ہوگئی۔ عمران بٹ کی سنچری کے بعد عمر گل کی نصف سنچری نے بلوچستان کا مجموعہ 300 تک پہنچانے میں مدد دی۔ عمر گل 51رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ناردرن کی جانب سے صدف حسین نے 4 اور نعمان علی نے 3وکٹیں حاصل کیں۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں سندھ کی ٹیم مشکلات کا شکار ہے۔ ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے بعد مڈل آرڈر بلے باز فواد عالم اور سعد علی کی جانب سے مزاحمت کا سلسلہ جاری ہے۔ دونوں کھلاڑی میچ کی پہلی اننگز میں نصف سنچریاں ا سکور کرچکے ہیں تاہم سندھ کو تاحال 375 رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔سدرن پنجاب کے 517 رنز کے جواب میں دوسرے روزکھیل کے اختتام پر سندھ نے 3وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بنالیے ۔فواد عالم 60اورسعد علی 56 کے انفرادی اسکور سے کھیل کے تیسرے روز کا آغاز کریں گے۔ سندھ کی ابتدائی 3وکٹیں محض 34 رنز پر گرگئی تھیں۔ اس سے قبل سدرن پنجاب کے عدنان اکمل نے سلمان علی آغاکے ہمراہ5وکٹوں کے نقصان پر 344رنزسے کھیل کے دوسرے روز کا آغاز کیا تو وکٹ کیپر بیٹسمین نے شاندار سنچری اسکور کی۔ عدنان اکمل کی ناقابل شکست 107 رنز کی اننگز کی بدولت سدرن پنجاب نے 9وکٹوں کے نقصان پر 517 رنز بناکر اپنی پہلی اننگز ڈکلیئر کردی۔ سندھ کی جانب سے انور علی نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
