کراچی(اے پی پی) یوتھ سطح پر فٹ بال کے فروغ کیلئے لیثرلیگز اور حق اکیڈمی کے مابین ایک باہمی مفاہمتی یاداشت پر دتخط ہوگئے ہیں۔ لیثرلیگز کے آپریشنل ہیڈ سید شہروز حسین رضوی اور حق اکیڈمی کی ڈائریکٹر صوبیہ فاطمی نے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے۔ لیثرلیگز پہلی بار کراچی میں سکس اے سائیڈ انٹر اسکول فٹ بال لیگز گرلز اینڈ بوائز کا انعقاد کرے گا۔ جس میں انڈر 10، انڈر 12 اور انڈر 14 کی سطح پر ہونے والی لیگز 14 ہفتوں پر مشتمل ہوگی۔ جس میںکم از کم 8 ٹیمیں شرکت کریں گی جو ہفتہ میں ایک دن کھیلے جائے گی۔ اس میں حق اکیڈمی کے علاوہ دیگر اسکولوں کی ٹیمیں بھی حصہ لیں گی۔ افتتاحی میچ حق اکیڈمی گراؤنڈ پر کھیلا جائے گا۔ بعدازاں ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر مقابلے ہونگے۔ معاہدے پر دستخط کے بعد صوبیہ فاطمی نے لیثرلیگز کا شکریہ ادا کیا کہ ان کے اس اقدام سے کراچی میں اسکول کی سطح پر یوتھ ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا اور اسکولوں میں بھی صحت مند سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا۔ سید شہروز حسن رضوی نے کہا کہ لیثرلیگز یوتھ سطح پر فٹبال کی ترقی کیلئے کوشاں ہے اور کھلاڑیوں کو پروموٹ کرنے اور انہیں مستقبل کا بہترین کھلاڑی بنانے کیلئے گراس روٹ لیول سے کام کرنا انتہائی ضروری ہے کیونکہ فٹ بال کے بنیادی اسرار ورموز کو سیکھنے کی یہی بہترین عمر ہوتی ہے کیونکہ اسے جو بھی بتایا جاتا ہے وہ نہ صرف جلدی پک کرلیتا ہے بلکہ اس پر عمل کرکے اس میں پختگی آجاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حق اکیڈمی کے ساتھ ہونے والا معاہدہ سنگ میل ثابت ہوگا اور اب لیثرلیگز دیگر اسکولوں کو بھی اس جانب راغب کرنے کی کوشش کررہا ہے تاکہ حق اکیڈمی کی طرح دیگر اسکول بھی اپنے اسکول کے یوتھ کھلاڑیوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب نہ صرف راغب بلکہ انہیں ایک اچھا فٹ بالر بنائیں جو مستقبل اپنے اسکول کے ساتھ ملک و قوم کا نام روشن کرنے کا بھی زریعہ بنیں۔ لیثرلیگز اور حق اکیڈمی دیگر اسکولز کی مشاورت سے جلد ایونٹ کا شیڈول جاری کرے گا۔
