پولیس کے مطابق نوبیاہتا جوڑا 7 ماہ قبل رشتہ ازدواج میں منسلک ہوا تھا.
لاہور کے علاقے قلعہ گجر سنگھ میں شوہر نے اپنی اہلیہ کو گولی مار کر قتل کر دیا ، 27 سالہ مقتولہ کرائم رپورٹر اور ایک نجی صحافتی ادارے سے وابستہ تھی ۔ پولیس کے مطابق ملزم دلاور علی بھی اسی ادارے کے ایک دوسرے شعبے میں ملازم ہے ،ملزم دلاور اور مقتولہ کے درمیان شادی کے بعد سے ہی گھریلو جھگڑے جاری تھے۔
مقتولہ کے بھائی یاسر اقبال کے مطابق بہن نے 7 ماہ قبل پسند کی شادی کی تھی جس کے بعد ملزم شوہر کی جانب سے عروج پر صحافت سے کنارہ کشی کے لیے دباؤ ڈالا جارہا تھا ۔بھائی نے الزام عائد کیا کہ ملزم اکثر بہن پر تشدد بھی کیا کرتا تھا جس کی پولیس میں رپورٹ بھی درج کرائی تھی تاہم پولیس کی جانب سے کوئی کارروائی عمل میں نہ آئی ۔
ملزم کے خلاف مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں درج ایف آئی آر کے مطابق دفتر جاتے ہوئے مقتولہ عروج کو اس کے شوہر نے سر پر گولی ماری ، خاتون کو طبی امداد کے لیے فوری اسپتال منتقل کیا گیا تاہم خون زیادہ بہہ جانے کی وجہ سے وہ جانبر نہ ہو سکی ۔

