English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

وزیر اعلیٰ سندھ کے حکم پر پولیس افسران کے پریس کانفرنس کرنے پر پابندی لگادی گئی

کوئی بھی پولیس افسر براہ راست میڈیا سے رابطہ نہیں کرے گا، انتہائی اہم پریس کانفرنس سے قبل اس کے متن کی منظوری لینا ہوگی
پریس کانفرنس کے متن کی منظوری متعلقہ زون کے ڈی آئی جی سے لینا ہوگی، آئی جی سندھ کو بعض افسران پر تحفظات ہیں
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ٹارگٹ کلر ’یوسف ٹھیلے والا‘ کے بیان کے بعدوزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر آئی جی سندھ نے پولیس افسران کے پریس کانفرنس کرنے پر پابندی لگادی ،افسران اعلامیے اور کسی اہم معاملے پر پریس کا نفرنس سے قبل اس کے متن کی پیشگی منظوری لینے کے پابند ہونگے ، ایس ایس پی اے وی ایل سی کو منگل کے روز پریس کانفرنس کرنی تھی تاہم حکام نے انہیں اعلامیہ جاری کرنے کی ہدایت کی۔ آئی جی سندھ پولیس کے بعض اعلیٰ افسران سے وزیر اعلیٰ کے براہ راست رابطوں اور غیر ضروری ہدایات پر شدید تحفظات ہیں۔باخبر ذرائع کے مطابق حکم ایس ایس پی ایسٹ کی پریس کانفرنس کے دوران ایم کیوایم کے گرفتارٹارگٹ کلر ’یوسف ٹھیلے والا‘ کے وزیراعلیٰ سندھ سے متعلق بیان سامنے آنے کے بعد کیا گیا،ملزم نے وڈیو بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ جس دن گرفتاری ظاہر کی گئی اسی دن وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علیٰ شاہ مجھ سے جیل میں ملنے آئے تھے، انہوں نے مجھ سے کہا کہ ’’تم دنیا کی نظر میں مر چکے ہو، اب تمہیں دوبارہ زندہ کیا جا رہا ہے‘‘ٹارگٹ کلر کے اس بیان سے مچنے والی کھلبلی کے بعد اب پولیس افسران کوپریس کانفرنس کرنے سے روک دیاگیا۔ذرائع نے بتایا کہ کوئی بھی اعلامیہ منظوری کے لیے اعلیٰ پولیس حکام کوبھیجاجائے گا اور حکام کی منظوری کے بعدہی جاری کیاجائے گا، انتہائی اہم پریس کا نفرنس سے قبل اس کے متن کی منظوری متعلقہ زون کے ڈی آئی جی سے لینی ہوگی ، باخبر ذرائع کے مطابق سابق ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر کی خدمات وفاق کے حوالے کیے جانے اور یوسف ٹھیلے والے کے بیان کے بعد وزیراعلیٰ سندھ کے شدید ردعمل کے بعد آئی جی سندھ سے پہلے سے اختلافات میں شدت آگئی۔آئی جی سندھ پولیس کے بعض اعلیٰ افسران سے وزیر اعلیٰ کے براہ راست رابطوں اور غیر ضروری ہدایات پر شدید تحفظات ہیں۔دوسری طرف یو سف ٹھیلے والا کے معاملے پر وزیراعلیٰ سندھ کے احکامات پر انکوائری کا سلسلہ منگل کو بھی جاری رہا، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کا نام مبینہ ٹارگٹ کلر نے کیوں اور کس کے کہنے پر لیا، تحقیقاتی ٹیم ٹارگٹ کلر کے میڈیا بیان پر مختلف زاویوں سے تحقیقات کررہی ہے، تحقیقاتی کمیٹی نے ٹھیلے والے کو گرفتار کرنے والی پولیس پارٹی سے بیانات لیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے