واشنگٹن/سری نگر (مانیٹرنگ ڈیسک/ خبر ایجنسیاں) انسانی حقوق کی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے مزاحمت کرنے والے نوجوانوں سے انتقام لینے کے لیے اُن کے گھر کی خواتین کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنا کر ریپ کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کا انکشاف کیا ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ایچ آر ڈبلیو کی انسداد تشدد خواتین کے عالمی دن کے موقع پر شائع ہونے والی رپورٹ میں ہوشربا انکشاف کیا گیا ہے کہ بھارتی تسلط کے خاتمے کے لیے سرگرم باغیوں کو سبق سکھانے اور حوصلہ شکنی کرنے کے لیے ان کے گھر کی خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ کشمیری خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنانے والے بھارتی فوج کے اہلکاروں کے خلاف کسی قسم کی کارروائی نہیں کی جاتی۔ سیکورٹی فورسز کے اہلکار قانونی چارہ جوئی نہ ہونے کی وجہ سے بے خوف ہوگئے ہیں اور جب دل کرتا ہے کشمیری خواتین کو جنسی زیادتی کا نشانہ بناتے ہیں۔ علاوہ ازیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کا لاک ڈائون 115 ویں روز میں داخل ہو گیا جبکہ 2 گرینیڈ دھماکوں میں2 افراد ہلاک ہو گئے۔گزشتہ روز اننت ناگ اور سری نگر میں 2 گرینیڈ دھماکے کیے گئے، جن میں 2 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ دوسری جانب مقبوضہ وادی میں لاک ڈائون کو 115 روز ہوگئے اور یہاں دفعہ 144 نافذ ہے‘ انٹرنیٹ اور دیگر پابندیاں بھی برقرار ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست سے اب تک معمولاتِ زندگی بحال نہیں ہو سکے ۔ گزشتہ روز بھارتی فوجیوںکے ہاتھوں ضلع پلوامہ کے علاقے دربگام میں شہید ہونے والے2 کشمیری نوجوانوں کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق عرفان احمد راتھر کی نمازجنازہ ان کے آبائی علاقے چکورہ پلوامہ جبکہ عرفان احمد شیخ کی نماز جنازہ ٹہاب پلوامہ میں ادا کی گئی۔ ہزاروں افراد نے شرکت کی‘شہید نوجوانوںکو آزادی اور پاکستان کے حق میں اور بھارت کے خلاف فلک شگاف نعروںکی گونج میں سپرد خاک کیا گیا۔ بھارتی تحقیقاتی ادارے ’’انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ‘‘ نے معروف کشمیری تاجر ظہور احمد وٹالی کی6 کروڑ روپے سے زاید مالیت کی جائداد ایک جھوٹے مقدمے میں قبضے میں لے لی ہے۔
