کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے ایک مرتبہپھر ہوم سیریز ملک میں کھیلنے کا اعادہ کرتے ہوئے واضح کیاہے کہ بنگلا دیش کے خلاف سیریز سمیت پاکستان کوئی بھی سیریز نیوٹرل مقام پر نہیں کھیلے گا۔پی سی بی ترجمان کے مطابق بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے خلاف2 ٹیسٹ اور3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کے لیے ابتدائی شیڈول بنگلا دیش کرکٹ بورڈکو ارسال کردیاگیاہے۔ سیریز کے آغاز میں پہلے ٹیسٹ میچز رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔دوسرے مرحلے میں ٹی ٹوئنٹی میچز ہوں گے۔اس حوالے سے دونوں بورڈز کے درمیان بات چیت جاری ہے۔ چند روز تک اس شیڈول پر مزید پیش رفت ہوگی۔بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کا سیکیورٹی وفد لاہور اور کراچی کے وینو کا جائزہ لے چکاہے،دوسری جانب ذرائع کے مطابق اب سیریز کو2 حصوں میں الگ الگ مقام پرکرانا ممکن نہیں۔پی سی بی پاکستان سپرلیگ سمیت اپنی تمام ہوم سیریز ملک میں کھیلنے کی پالیسی بناچکاہے،جس کو اب بدلنا ممکن نہیں۔بنگلادیش کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں اور اگر بنگلا دیش کرکٹ بورڈ ٹیسٹ میچز کھیلنے نہیں آتا توپھر اسے پوائنٹس سے محروم ہونا پڑے گا۔
