پولیس کے ایس ایس پیز کا کام پریس کانفرنس کرنا نہیں ہے، ترجمان سندھ حکومت
صحافیوں کے سامنے ملزمان کو لانے سے کیس پر منفی اثرات پڑتے ہیں، میڈیا سے گفتگو
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ آئی جی سندھ کی خدمات وفاق کے سپرد کرنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے پولیس کے ایس ایس پیز کا کام پریس کانفرنس کرنا نہیں ہے، صحافیوں کے سامنے ملزمان کو لانے سے کیس پر منفی اثرات پڑتے ہیں اگر کوئی اہم ملزم ہے تو اس پر اعلیٰ حکام یا حکومتی نمائندہ صحافیوں کو آگاہ کر سکتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے سختی سے تردید کی ہے کہ ان کی یوسف ٹھیلے والے سے کوئی ملاقات ہوئی ہے۔ وہ بدھ کو وزیراعلیٰ ہائوس میں سندھ پبلک سیفٹی کمیشن کے اجلاس کے بعد سندھ اسمبلی میڈیا کارنر میں بریفنگ دے رہے تھے، بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہاکہ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی صدارت میں سندھ پبلک سیفٹی کمیشن کا اجلاس نجی ارکان کی درخواست پر بلایا گیا۔

