میڈیا اور اخبار فروشوں کی اہمیت اور مسائل سے ہم آگاہ ہیں‘کافی لوگ بے روزگار ہو رہے ہیں
اخبار فروش یونین کے نمائندے مل کر اس پر غور کریں ‘ صدرکے یو جے اور اقبال نون کی ملاقات
کراچی( اسٹاف رپورٹر)کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر حسن عباس نے اخبار فروش یونین کراچی کے صدر اقبال نون کے ہمراہ میئر کراچی وسیم اختر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور اخبار فروشوں کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا، اس موقع پر کے یو جے کے سیکرٹری عاجز جمالی، جوائنٹ سیکریٹری لبنیٰ جرار، اخبار فروش یونین کے جنرل سیکریٹری حمید ڈاڈا، نائب صدر چوہدری نذیر، سینئر ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹس بشیر صدیقی، ڈائریکٹر اسٹیٹ عمران قدیر اور دیگر بھی موجود تھے۔ کے یو جے کے صدر نے میئر کراچی کو بتایا کہ بلدیہ کراچی کی انسداد تجاوزات کارروائیکے دوران اخبار فروشوں کے کیبن کو بھی ہٹایا گیا ہے جس سے کافی لوگ بے روزگار ہو رہے ہیں، میئر کراچی نے اس موقع پر کہا کہ میڈیا اور اخبار فروشوں کی اہمیت اور مسائل سے ہم آگاہ ہیں چونکہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر شہر کی فٹ پاتھوں، پارکوں اور فلاحی پلاٹوں پر قبضہ خالی کرایا جارہا ہے اور عدالت کے واضح احکامات ہیں کہ فٹ پاتھ پر کسی قسم کا کوئی کاروبار نہیں ہوسکتا لہٰذا فلاحی اداروں کے دسترخوان اور کیبن بھی ہٹا دیئے گئے ہیں، تاہم سینئر ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ اور اخبار فروش یونین کے نمائندے مل کر اس پر غور کریں کہ سپریم کورٹ کی ہدایت کو سامنے رکھ کر اخبار فروشوں کو کیسے اور کیا سہولت دی جاسکتی ہے کہ فٹ پاتھ بھی محفوظ رہے اور ان کا کاروبار بھی چلتا رہے۔

