کراچی کی نصف آبادی کو اندھیرے میں رکھنے کا نیا منصوبہ
ملیر، کورنگی، نیو کراچی، گلستان جوہر، لانڈھی، خواجہ اجمیر نگری، کیماڑی، عزیز آباد، شفیق موڑ، ابراہیم حیدری سمیت مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ بجلی بند کرنے سے صارفین پریشان
صارفین کو مرمت یا شٹ ڈائون کا پیغام دیاجاتا ہے، بجلی چوری روکنے کیلئے ڈیجیٹل میٹرز کی تنصیب کے باوجود لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ نہ ہونے پرشہریوں کا اظہار حیرت
کراچی(اسٹاف رپورٹر) موسم سرما میں بجلی کی طلب میں کمی کے باوجود کراچی کی نصف سے زائد آبادی میں6سے8 گھنٹے لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ کئی علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں اضافہ سے صارفین پریشان ہیں‘ بجلی چوری روکنے کیلئے ایئر بل بنڈل اور ڈیجیٹل میٹرز کی تنصیب کے باوجود لوڈشیڈنگ کا خاتمہ نہ ہونے پر شہریوں نے حیرت کااظہار کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں موسم سرد ہونے اور بجلی کی طلب میں کمی کے باوجود نصف سے زائد علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوگیا اور موسم گرما کے لوڈشیڈنگ شیڈول کی طرز پر مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے 6سے8 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ ملیر‘ کورنگی‘ نیو کراچی‘ گلستان جوہر‘ لانڈھی‘ خواجہ اجمیر نگری‘ کیماڑی‘ عزیز آباد‘ شفیق موڑ‘ ابراہیم حیدری سمیت مختلف علاقوں میں نصف شب کے بعد بھی 2 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ علاوہ ازیں مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے دو ‘ دود گھنٹے تین سے چار بار بجلی بند کی جارہی ہے صارفین کاکہنا ہے کہ کے الیکٹرک کی جانب سے صبح تا شام 7بجے تک بجلی بند رکھنے کا نیا سلسلہ شروع کیا گیا ہے صارفین کو مرمت یا شٹ ڈائون کا پیغام دیا جاتا ہے‘ گلستان جوہر‘ نارتھ ناظم آباد بلاک بی‘ کورنگی سیکٹر31 اے میں10 گھنٹے سے زائد بجلی بند کی گئی جبکہ ملیر کے مختلف علاقوں کیماڑی‘ نارتھ کراچی‘ شیر شاہ‘ بلدیہ ٹائون‘ گرین ٹائون‘ گڈاپ ‘لانڈھی‘ کورنگی میں کئی کئی گھنٹے بجلی بند رہنے کی اطلاعات ملی ہیں۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ موسم سرد ہوتے ہی بجلی کی کھپت کم ہونا شروع ہوجاتی ہے ایسے میں لوڈشیڈنگ بھی کم ہونی چاہئے لیکن اس کے برعکس لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوگیا ‘ معمر افراد‘ مریض اور بچے شدید متاثر ہورہے ہیں‘ شہریوں نے وزارت توانائی اور حکومت سندھ سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

