ایڈیلیڈ (جسارت نیوز) پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ آج سے ایڈیلیڈ کے مقام پر شروع ہوگا، میچ پنک بال کے ساتھ کھیلا جائے گا۔ میزبان ٹیم آسٹریلیا کو پاکستان کے خلاف 2 میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے، برسبین میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے اننگز اور 5 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی، آسٹریلوی ٹیم اس سے قبل 3 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کی سیریز میں گرین شرٹس کو 2-0 سے ہرا چکی ہے۔ آسٹریلیا اور پاکستان کی ٹیمیں ایڈیلیڈ میں پہنچ چکی ہیں جہاں پر وہ میچ سے قبل ایڈیلیڈ میں بھرپور تیاریوں میں مصروف ہیں، پاکستانی کھلاڑی کینگروز کو دوسرے ٹیسٹ میں شکست دینے کے لئے کھیل کے تینوں شعبوں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، دوسرے میچ کے لئے پاکستان ٹیم میں تبدیلیوں کے بھی امکانات ہیں، میچ سے قبل دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے کامیابی کے لئے بیانات دیئے ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ سخت اور کانٹے دار ہوگا۔ پاکستان ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہا ہے کہ دوسرے میچ میں شکست کو بھلا کر مربوط حکمت عملی کے تحت جیت کے لئے ٹیم کو میدان میں اتاریں گے اور میزبان ٹیم کو شکست دیکر سیریز 1-1 سے برابر کرینگے۔ دوسری جانب کینگروز ٹیم کے کپتان ٹم پین نے کہا ہے کہ گرین شرٹس کو دوسرے میچ میں بھی شکست دیکر سیریز کلین سویپ کرینگے۔ آسٹریلوی ٹیم کے ہیڈ کوچ جسٹن لینگر نے کہا ہے کہ وہ برسبین ٹیسٹ میں اپنی ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے لئے پلئنگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنک بال کے ساتھ کھیل میں کچھ تبدیلی ضرور ہوگی لیکن ٹیم نے پنک بال کے ساتھ بھرپور تیاری کر رکھی ہے۔ واضح رہے کہ آسٹریلوی ٹیم نے اب تک پنک بال سے کھیلے گئے پانچوں میچ اپنی سرزمین پر کھیلے ہیں اور ان میں اپنے حریفوں کو شکست سے دے دوچار کیا، ان میں سے3 میچ ایڈیلیڈ کے مقام پر کھیلے گئے، آسٹریلیا نے نومبر، دسمبر 2015ء میں ایڈیلیڈ میں نیوزی لینڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دی، اس کے بعد نومبر 2016ء میں اسی مقام کینگروز نے مہمان جنوبی افریقی ٹیم کو 7 وکٹوں سے زیر کیا، دسمبر میں برسبین میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے خلاف 39 رنز سے فتح حاصل کی۔
