کراچی (اسٹاف رپورٹر)قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے9ویں راؤنڈ کے میچ میں ناردرن نے بلوچستان کو 8وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں دوسری کامیابی حاصل کرلی ہے۔ یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلے گئے میچ میں ناردرن نے دوسری اننگز میں 192 رنز کا ہدف 2وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ اوپنر علی سرفرازنے95 اور مڈل آرڈر بیٹسمین فیضان ریاض نے 52 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ اس سے قبل 42 رنز کے خسارے سے دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی بلوچستان کی ٹیم نے 8وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز سے میچ کے آخری روز کا کھیل شروع کیا تو بسم اللہ خان نے نصف سنچری اسکور کردی۔ وکٹ کیپر بیٹسمین نے 101 گیندوں پر 69رنز کی اننگز کھیلی۔ بلوچستان کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں233 رنز بناکرآؤٹ ہوگئی۔ ناردرن کے کپتان نعمان علی نے میچ میں 8کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ میچ کی پہلی اننگز میں بلوچستان کے 300 رنز کے جواب میں ناردرن کی ٹیم 342 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔
