محکمہ لینڈ کے تمام امور بند ہوگئے، 100 روپے قیمت والا فارم 5 ہزار میں بھی ناپید ہوگیا
افسران نے مبینہ ذاتی مالی مفاد کیلئے ریکوری کو نقصان پہنچانے کے ساتھ شہریوں کو اذیت میں مبتلا کردیا
کراچی(وقا ئع نگار خصوصی)ادارہ ترقیات کراچی میں جائیداد کی منتقلی،ٹرانسفر ،موٹیشن سمیت محکمہ لینڈ کے تمام امور بند ہوگئے،کے ڈی اے میں ٹرانسفر موٹیشن کے فارمز کا قحط پڑ گیا،سو روپے قیمت والا فارم5ہزار روپے میں بھی ناپید،افسران نے مبینہ ذاتی مالی مفاد کیلئے کے ڈی اے کی ریکوری کو نقصان پہنچانے کے ساتھ شہریوں کو بھی سخت اذیت میں مبتلا کردیا ،محکمہ لینڈ اور محکمہ ریکوری کے افسران نے فارم ناپید ہونے کا ذمہ دار محکمہ میڈیا کے ڈائریکٹر کو قرار دیتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کردیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ادارہ ترقیات کراچی میں جائیداد کی منتقلی،موٹیشن،ٹرانسفر سمیت محکمہ لینڈ سے متعلقہ تمام امور بند ہوکر رہ گئے ہیں،ذرائع کا کہنا ہے کہ پلاٹوں کی منتقلی،موٹیشن ،ٹرانسفر ودیگرامور کیلئے استعمال ہونے والے فارم کے ڈی اے کے پاس موجود نہیں جس کی وجہ سے تمام کیسز کی تیاری بند پڑی ہوئی ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ فارم کی چھپائی کی ذمہ داری میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی ہے تاہم محکمے میںنئے تعینات ڈائریکٹر رئیس تبسم پر الزام عائد کیا جارہا ہے کہ انہوں نے پرنٹنگ پریس ٹھیکیدار سے مک مکا نہ ہونے کے باعث فارم کی چھپائی کا عمل روک رکھا ہے،محکمہ لینڈ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ 100 روپے والا فارم جو کہ پہلے ہی 3ہزار روپے بلیک میں فروخت ہوتا تھا اب 5ہزار روپے میں بھی دستیاب نہیں،کے ڈی اے محکمہ لینڈ میں یومیہ 200 سے زائد ٹرانسفر موٹیشن کے کیسز جمع ہوتے ہیں فارم کی عدم موجودگی کے باعث مذکورہ تمام کیسز پر کام بند ہے جبکہ سینکڑوں شہری سخت اذیت کا شکار ہوکر رہ گئے ہیں۔

